جے شنکر نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ ملاقات میں عالمی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور ہندوستان و اقوام متحدہ کے مضبوط تعاون کو سراہا گیا۔
اس سے قبل ہندوستان نے 2028 تا 2029 کی مدت کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی غیر مستقل رکنیت کے لیے اپنی امیدواری کی باضابطہ مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر جے شنکر نے عالمی امن۔ کثیر جہتی تعاون اور امن مشنز میں ہندوستان کے کردار کو اپنی مہم کی بنیاد قرار دیا۔
اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایسے وقت میں سلامتی کونسل کی رکنیت کا امیدوار بن رہا ہے جب دنیا بڑھتے ہوئے تنازعات۔ تشدد اور عدم استحکام کا سامنا کر رہی ہے۔ ایسے حالات میں اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کا کردار پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رکن ممالک فطری طور پر یہ جاننا چاہیں گے کہ عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ہندوستان کا وژن کیا ہے اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے اس کا عملی ریکارڈ کس قدر مضبوط ہے۔
جے شنکر نے عالمی نظم و نسق کے لیے ہندوستان کا شانتی نظریہ بھی پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ شانتی سے مراد اصولوں۔ اعتماد اور دیانت داری کے ذریعے ہمہ جہت ترقی کا تحفظ ہے۔ ان کے مطابق یہی وہ بنیادی سوچ ہے جس کے ذریعے ایک محفوظ۔ پرامن اور منصفانہ عالمی نظام قائم کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ عالمی حالات نے ثابت کر دیا ہے کہ امن۔ ترقی اور خوشحالی کو ٹکڑوں میں تقسیم کر کے برقرار نہیں رکھا جا سکتا۔ اس لیے دنیا کو ہمہ جہت ترقی پر توجہ دینی ہوگی اور اس کے لیے عالمی قوانین۔ باہمی اعتماد اور دیانت داری کا احترام ضروری ہے۔
وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں ہندوستان کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قیام اقوام متحدہ کے بعد سے اب تک تقریباً 3 لاکھ ہندوستانی اہلکار دنیا بھر کے تقریباً 50 امن مشنز میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اس وقت بھی 11 میں سے 10 فعال امن مشنز میں تقریباً 4300 ہندوستانی اہلکار تعینات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان بہتر وسائل۔ جدید ٹیکنالوجی اور واضح اختیارات سے لیس امن مشنز کی حمایت جاری رکھے گا اور خواتین۔ امن اور سلامتی کے عالمی ایجنڈے کو بھی فروغ دیتا رہے گا۔
جے شنکر نے کہا کہ ہندوستان ایک قابل اعتماد ترقیاتی شراکت دار کے طور پر 79 ممالک میں مختلف ترقیاتی منصوبے چلا رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی تنازعات کے دوران ہندوستان نے ہمیشہ مذاکرات اور سفارت کاری کی حمایت کی ہے اور عالمی جنوب کے ممالک کے مفادات کو اجاگر کرنے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے اظہار امید کیا کہ سلامتی کونسل میں ہندوستان کی موجودگی اس اہم ادارے کے فیصلوں کو مزید مؤثر۔ جامع اور متوازن بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔ اسی مقصد کے لیے انہوں نے رکن ممالک سے ہندوستان کی امیدواری کی حمایت کی اپیل کی۔
اگر ہندوستان منتخب ہو جاتا ہے تو وہ سلامتی کونسل کے 10 غیر مستقل ارکان میں شامل ہوگا جو دو سالہ مدت کے لیے منتخب کیے جاتے ہیں۔ سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان چین۔ فرانس۔ روس۔ برطانیہ اور امریکہ ہیں جبکہ غیر مستقل ارکان کا انتخاب 193 رکنی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں دو تہائی اکثریت سے ہوتا ہے۔
ہندوستان اس سے قبل 1950 تا 1951۔ 1967 تا 1968۔ 1972 تا 1973۔ 1977 تا 1978۔ 1984 تا 1985۔ 1991 تا 1992۔ 2011 تا 2012 اور 2021 تا 2022 کے دوران آٹھ مرتبہ سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن رہ چکا ہے۔
اقوام متحدہ میں اپنی مصروفیات مکمل کرنے کے بعد وزیر خارجہ ایس جے شنکر برسلز جائیں گے جہاں وہ ہندوستان۔ یورپی اتحاد تجارتی اور ٹیکنالوجی کونسل کے تیسرے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اس دوران وہ 14 اور 15 جولائی کو یورپی اتحاد اور بیلجیم کے اپنے ہم منصبوں سے بھی ملاقات کریں گے۔