ڈرونز حملے کی دبئی ، سعودی عرب نے تصدیق کی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 13-03-2026
ڈرونز حملے کی دبئی ، سعودی عرب نے تصدیق کی
ڈرونز حملے کی دبئی ، سعودی عرب نے تصدیق کی

 



دبئی: دبئی حکام نے جمعہ کو تصدیق کی ہے کہ ایک فضائی خطرے کو روکنے کے بعد اس کے ملبے کے کچھ ٹکڑے شہر کے مرکزی علاقے میں ایک عمارت سے ٹکرائے جس سے معمولی نقصان ہوا، جبکہ سعودی عرب نے ملک کے مختلف حصوں میں کئی ڈرونز کو مار گرانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ واقعات ایسے وقت میں پیش آئے ہیں جب مغربی ایشیا میں کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔

دبئی کے حکام کے مطابق ایک کامیاب فضائی دفاعی کارروائی کے بعد گرنے والے ملبے کے ٹکڑے شہر کے مرکز میں واقع ایک عمارت کے بیرونی حصے سے ٹکرائے، تاہم اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ دبئی میڈیا آفس نے بیان میں کہا، حکام تصدیق کرتے ہیں کہ ایک کامیاب فضائی دفاعی کارروائی کے بعد گرنے والے ملبے سے مرکزی دبئی میں ایک عمارت کے اگلے حصے کو معمولی نقصان پہنچا ہے، تاہم کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

ادھر سعودی عرب کی وزارتِ دفاع نے بتایا کہ فضائی دفاعی نظام نے ملک کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنانے والے متعدد ڈرونز کو تباہ کر دیا۔ وزارتِ دفاع کے سرکاری ترجمان کے مطابق الخرج گورنریٹ میں دو ڈرونز کو مار گرایا گیا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ ملک کے مشرقی علاقے میں بھی دو اضافی ڈرونز کو تباہ کیا گیا۔ اس سے قبل وزارت نے اعلان کیا تھا کہ مشرقی اور وسطی علاقوں میں تین ڈرونز کو بھی تباہ کیا گیا تھا۔

حکام کے مطابق ان واقعات میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ سعودی وزارتِ دفاع نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ سفارتی علاقے ایمبیسیز ڈسٹرکٹ کی طرف بڑھنے والے ایک مشتبہ ڈرون کو بھی مار گرایا گیا۔ یہ واقعات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان جاری تنازع کے باعث پورے خطے میں سکیورٹی خدشات بڑھ رہے ہیں۔

اس سے قبل ایران کے مرکزی عسکری ہیڈکوارٹر خاتم الانبیاء کے ترجمان نے خبردار کیا تھا کہ اگر ایران کے توانائی کے ڈھانچے پر کوئی حملہ ہوا تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔ ترجمان نے کہا،ایران کی توانائی کی تنصیبات اور بندرگاہوں پر معمولی سا حملہ بھی ہماری طرف سے تباہ کن اور فیصلہ کن ردعمل کا باعث بنے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اگر ایسا حملہ ہوا تو خطے میں موجود تیل اور گیس کے وہ تمام انفراسٹرکچر تباہ کیے جا سکتے ہیں جن میں امریکہ اور اس کے مغربی اتحادیوں کے مفادات وابستہ ہیں۔ ادھر عراق میں اربیل کے علاقے میں ایک حملے میں ایک فرانسیسی فوجی ہلاک جبکہ کئی دیگر زخمی ہو گئے۔

اسی دوران اٹلی نے اعلان کیا کہ وہ اربیل میں موجود اپنے فوجی اڈے پر تعینات اہلکاروں کی واپسی کا انتظام شروع کر چکا ہے۔ اطالوی خبر رساں ایجنسی ANSA کے مطابق اٹلی کے وزیر دفاع گوئیدو کروسیٹو نے بتایا کہ باقی ماندہ دستے کی واپسی کا منصوبہ اس وقت سے پہلے ہی بنایا جا چکا تھا جب ایک میزائل نے اس فوجی تنصیب کو نشانہ بنایا۔

کروسیٹو کے مطابق، “اربیل میں ہمارے اڈے پر ایک میزائل گرا، لیکن اطالوی فوجی اہلکاروں میں کوئی ہلاکت یا زخمی نہیں ہوا، سب محفوظ ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی خدشات کے باعث اٹلی پہلے ہی خطے میں اپنی فوجی موجودگی کم کر رہا تھا۔ وزیر کے مطابق 102 اہلکار پہلے ہی اٹلی واپس جا چکے ہیں جبکہ تقریباً 40 فوجیوں کو اردن منتقل کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کل 141 اہلکاروں کی واپسی کا منصوبہ پہلے سے بنایا جا رہا تھا، تاہم یہ ایک پیچیدہ عمل ہے کیونکہ فوجیوں کو براہ راست پرواز کے ذریعے منتقل نہیں کیا جا سکتا اور ممکن ہے انہیں زمینی راستے سے ترکی کے ذریعے نکالا جائے۔ کروسیٹو نے یہ بھی تصدیق کی کہ اربیل کا یہ اڈہ امریکی فوجی تنصیبات کی میزبانی بھی کرتا ہے اور خطے میں نیٹو کی موجودگی کا حصہ ہے۔ یہ تمام پیش رفت ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب امریکہ اور اسرائیل نے ایران کے خلاف اپنی فوجی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ان حملوں میں اب تک 1300 سے زائد افراد ہلاک اور 10 ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔

اس کے جواب میں ایران نے اسرائیل، عراق اور خلیجی ممالک میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بناتے ہوئے ڈرون اور میزائل حملے کیے ہیں۔ اس سے قبل ایران کے سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ مغربی عراق میں مزاحمتی گروہوں نے ایک امریکی فوجی ایندھن بردار طیارہ مار گرایا ہے۔

تاہم امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) نے عراق میں ایک KC-135 ری فیولنگ طیارے کے ضائع ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ کسی دشمنانہ حملے کا نتیجہ نہیں تھا۔ بیان میں کہا گیا، “اس واقعے میں دو طیارے شامل تھے۔ ایک طیارہ مغربی عراق میں گر گیا جبکہ دوسرا محفوظ لینڈنگ کرنے میں کامیاب رہا۔ یہ حادثہ نہ دشمن کی فائرنگ کی وجہ سے ہوا اور نہ ہی اپنے ہی فائر سے۔” خلیج کے خطے میں کشیدگی اس وقت مزید بڑھ گئی جب امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ فوجی کارروائیوں میں ایران کے سابق سپریم لیڈر علی خامنہ ای 28 فروری کو ہلاک ہو گئے تھے۔

ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ملک جاری تنازع کے دوران آبنائے ہرمز کو ایک اسٹریٹجک دباؤ کے طور پر استعمال کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا،عزیز مجاہد بھائیو! عوام کی خواہش ہے کہ مؤثر اور دشمن کو پشیمان کرنے والا دفاع جاری رکھا جائے۔ اسی طرح آبنائے ہرمز کو بند کرنے کے دباؤ کو بھی ایک مؤثر ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے ایسے مقامات کی نشاندہی بھی کر لی ہے جہاں ضرورت پڑنے پر نیا محاذ کھولا جا سکتا ہے۔

تاہم بعد میں اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر امیر سعید ایروانی نے کہا کہ ایران کا آبنائے ہرمز بند کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، تاہم اس آبی گزرگاہ کی سکیورٹی برقرار رکھنا اس کا حق ہے۔ انہوں نے کہا، ہم آبنائے ہرمز کو بند نہیں کریں گے، لیکن اس آبی راستے میں امن و سلامتی برقرار رکھنا ہمارا حق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے تحت ایران کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے اور وہ سمندری راستوں کی آزادی کے اصولوں کا احترام کرتا ہے۔