نئی دہلی
امریکہ کے صدر ٹرمپ نے پیر کے روز ایک پروگرام کے دوران نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کو 2028 کے صدارتی انتخابات کے لیے ایک مثالی ٹیم کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی۔ٹرمپ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے وابستہ اہلکاروں کے اعزاز میں وائٹ ہاؤس کے روز گارڈن میں عشائیہ دیا، جہاں انہوں نے کہا کہ یہ جے ڈی ہوں گے یا کوئی اور ہوں گے، مجھے نہیں معلوم۔
اس کے بعد صدر نے اچانک ایک غیر رسمی رائے شماری کرائی، جس پر وہاں موجود افراد ہنس پڑے۔ٹرمپ نے مہمانوں سے سوال کیا کہ کس کو جے ڈی وینس پسند ہیں اور کس کو مارکو روبیو پسند ہیں؟” اس پر لوگوں نے اپنے پسندیدہ امیدوار کے لیے تالیاں بجا کر جوش کا اظہار کیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ یہ ایک اچھا خیال لگتا ہے۔انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ دونوں میں سے کسی کی باقاعدہ حمایت نہیں کر رہے۔انہوں نے کہا کہ ویسے میرا خیال ہے کہ یہ ایک بہترین ٹیم ہے، لیکن یہ چھوٹی چھوٹی باتیں ہیں۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ کسی بھی صورت میں آپ کو میری حمایت حاصل ہے۔
صدر نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ یہ صدارتی امیدوار اور نائب صدارتی امیدوار جیسا لگ رہا ہے۔
ٹرمپ اپنے قریبی حلقے میں ماحول کا اندازہ لگانے کے لیے اکثر وینس اور روبیو کے بارے میں سوالات اٹھاتے ہیں۔اوہائیو سے پہلی بار رکنِ کانگریس بننے والے وینس کو ٹرمپ نے 2024 کے صدارتی انتخابات میں اپنا نائب صدارتی امیدوار منتخب کیا تھا۔
روبیو نے 2016 کے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کی کوشش کی تھی، لیکن ریپبلکن پرائمری میں ٹرمپ سے شکست کے بعد انہوں نے اپنی امیدواری واپس لے لی تھی۔