واشنگٹن
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعہ کے روز کہا کہ امریکہ "فوری طور پر کیوبا پر قبضہ" کر لے گا۔ پام بیچز کے فورم کلب ڈنر میں خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ کیوبا کو کئی مسائل درپیش ہیں۔انہوں نے کہا کہ کیوبا، جسے ہم تقریباً فوری طور پر اپنے کنٹرول میں لے لیں گے۔ کیوبا کے پاس مسائل ہیں، ہم پہلے ایک معاملہ نمٹائیں گے۔
اسی روز وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کیوبا کی حکومت کی پالیسیاں، طریقہ کار اور اقدامات امریکہ کے لیے ایک غیر معمولی اور سنگین خطرہ ہیں۔ یہ پالیسیاں آزاد اور جمہوری معاشروں کی اخلاقی اور سیاسی اقدار کے بھی منافی ہیں۔دوسری جانب کیوبا کی حکومت نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عائد نئی پابندیوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں "یکطرفہ جبری اقدامات" قرار دیا اور کہا کہ یہ کیوبا کے عوام کو اجتماعی سزا دینے کی کوشش ہے۔
کیوبا کے وزیر خارجہ برونو روڈریگیز نے کہا کہ یہ اقدامات سرحدوں سے باہر لاگو ہونے والے ہیں اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔ امریکہ کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ کیوبا یا کسی تیسرے ملک یا ادارے کے خلاف اس طرح کے اقدامات کرے۔یہ بیانات اس وقت سامنے آئے جب وائٹ ہاؤس نے کیوبا کے حوالے سے اپنی پالیسی مزید سخت کرنے کے اشارے دیے۔
اس سے قبل جمعہ کو ٹرمپ نے ایک ایگزیکٹو آرڈر جاری کیا جس کے ذریعے کیوبا کی حکومت پر پابندیوں میں مزید توسیع کی گئی۔الجزیرہ کے مطابق نئی امریکی پابندیاں ان افراد اور گروہوں پر مرکوز ہیں جو کیوبا کی سکیورٹی فورسز کی مدد کرتے ہیں۔ ان اقدامات میں ان لوگوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے جو بدعنوانی، سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں یا کیوبا کی حکومت کے عہدیدار یا حامی ہیں۔
اس سے پہلے 19 اپریل کو ایک مشترکہ سفارتی اقدام کے تحت میکسیکو، اسپین اور برازیل نے اتوار کے روز ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کیوبا کی "سنگین صورتحال" پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ یہ بیان ایسے وقت میں آیا جب یہ جزیرہ نما ملک ٹرمپ کی جانب سے بڑھتے دباؤ اور بار بار دی جانے والی دھمکیوں کا سامنا کر رہا ہے۔
ان تینوں ممالک، جن کی قیادت اس وقت بائیں بازو کی حکومتوں کے پاس ہے، نے کیوبا کے عوام کو درپیش "شدید انسانی بحران" پر گہری تشویش ظاہر کی۔