تنازعات کا حل صرف مذاکرات اور سفارت کاری: جے شنکر

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 11-06-2026
تنازعات کا حل صرف مذاکرات اور سفارت کاری: جے شنکر
تنازعات کا حل صرف مذاکرات اور سفارت کاری: جے شنکر

 



صوفیہ (بلغاریہ): بھارت کے وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر نے ایک بار پھر اس مؤقف کا اعادہ کیا ہے کہ دنیا میں جاری بڑے تنازعات کا واحد حل مذاکرات اور سفارت کاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی تنازعات سے پیدا ہونے والے معاشی خطرات کے پیشِ نظر سپلائی چین کو مضبوط اور متنوع بنانا ضروری ہے، جبکہ سمندری تجارت کو کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا خطرے سے محفوظ رکھا جانا چاہیے۔

جے شنکر نے یہ باتیں اپنے بلغارین ہم منصب ویلیسلاوا پیٹرووا چامووا کے ساتھ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس بیان میں کہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا اس وقت غیر معمولی بے یقینی اور عدم استحکام کے دور سے گزر رہی ہے، جہاں متعدد بڑے تنازعات، معاشی سلامتی سے متعلق خدشات، کورونا وبا کے اثرات اور دہشت گردی کے مسلسل خطرات موجود ہیں۔

جے شنکر نے کہا: "ان تمام معاملات پر بھارت کا مؤقف بالکل واضح ہے۔ ہمارا ماننا ہے کہ یہ جنگوں کا دور نہیں ہے۔ موجودہ تنازعات کا واحد حل مذاکرات اور سفارت کاری میں ہے۔" انہوں نے کہا کہ عالمی جنوب (گلوبل ساؤتھ) کی آواز کے طور پر بھارت نے توانائی، خوراک اور کھاد کی سلامتی سے متعلق خدشات بار بار اجاگر کیے ہیں اور آزاد و بلا رکاوٹ سمندری تجارت پر زور دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا: "جہاں تک معاشی خطرات کا تعلق ہے، ان کا حل سپلائی چین کی مضبوطی اور مزید تنوع میں پوشیدہ ہے۔ یہ نہایت ضروری ہے کہ سمندری تجارت نہ تو رکاوٹ کا شکار ہو اور نہ ہی خطرات سے دوچار ہو۔" وزیرِ خارجہ نے دہشت گردی کے مسئلے پر بھی دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو دہشت گردی کے معاملے میں صفر برداشت (زیرو ٹالرنس) کی پالیسی اپنانا ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ ان تمام اہم امور پر بھارت اور بلغاریہ کے درمیان مکمل ہم آہنگی پائی گئی۔ جے شنکر نے بلغاریہ کے دورے کے دوران ملک کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں بھی کیں، جن میں دوطرفہ تعاون، بھارت اور یورپی یونین کے تعلقات اور مستقبل میں مشترکہ اقدامات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

بدھ کے روز بلغاریہ کے صدر رومن رادیف اور وزیرِ خارجہ ویلیسلاوا پیٹرووا چامووا سمیت اعلیٰ رہنماؤں کے ساتھ اعلیٰ سطحی مذاکرات ہوئے، جن میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے اور یورپی یونین کے ساتھ بھارت کے روابط مزید مضبوط بنانے پر غور کیا گیا۔ اپنی بلغارین ہم منصب کے ساتھ ملاقات کے دوران جے شنکر نے کہا کہ دونوں ممالک نے بھارت-بلغاریہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور تعاون کے نئے مواقع پر تبادلۂ خیال کیا، خصوصاً بھارت-یورپی یونین آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کی تکمیل، تزویراتی و دفاعی شراکت داری اور جامع نقل و حرکت تعاون فریم ورک کے تناظر میں۔