دھرم "کائنات کے جاندار یا بے جان" کے تحفظ کو یقینی بناتا ہے: راجناتھ سنگھ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 11-10-2025
دھرم
دھرم "کائنات کے جاندار یا بے جان" کے تحفظ کو یقینی بناتا ہے: راجناتھ سنگھ

 



سڈنی/ آواز دی وائس
وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ نے سڈنی میں واقع بی اے پی ایس شری سوامی نارائن مندر میں عبادت کی، جہاں انہوں نے کہا کہ "دھرم" (مذہب) اس کائنات کی جاندار اور بے جان تمام مخلوقات کی حفاظت کو یقینی بناتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دھرم کائنات کے اصولوں، ضوابط اور قوانین کے تحفظ کو یقینی بناتا ہے۔
راجناتھ سنگھ نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دھرم کیا ہے؟ اگر ہمیں دھرم کی تعریف کرنی ہو تو میں اسے بہت سادہ انداز میں بیان کر سکتا ہوں ۔ وہ جو اس کائنات کے جاندار یا بے جان عناصر کی حفاظت کی ضمانت دیتا ہے، اسے دھرم کہا جاتا ہے۔ وہ جو اس کے اصولوں، ضوابط اور قوانین کی پاکیزگی کی حفاظت کرتا ہے، وہ دھرم ہے۔ اور وہ جو ان دونوں کی نشوونما اور بقا کو یقینی بناتا ہے، وہی دھرم کہلاتا ہے۔ راجناتھ سنگھ نے سڈنی کے بی اے پی ایس سوامی نارائن مندر کا دورہ کیا، جہاں بچوں نے بھجن گا کر ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔ وزیرِ دفاع نے مندر میں آرتی بھی کی۔
بعد ازاں، سڈنی میں مقیم ہندوستانی برادری سے خطاب کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہا کہ میں پرسؤ یہاں پہنچا تھا اور کل میری آسٹریلیا کے وزیرِاعظم، نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ سے نہایت مفید اور بامعنی ملاقاتیں ہوئیں۔ وہ اس بات سے بہت متاثر ہوئے کہ برادری نے ہندوستان اور آسٹریلیا، دونوں ممالک کے لیے گہرا احترام ظاہر کیا۔ میں اس منظر سے بہت متاثر ہوا جب یہاں جمع ہونے والے لوگوں نے ہندوستان اور آسٹریلیا، دونوں کے قومی ترانے احترام کے ساتھ گائے، جو بچوں نے نہایت خوبصورتی سے پیش کیے۔ یہ جذبہ آپ کی وسعتِ قلبی اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام کی روح کو ظاہر کرتا ہے۔
ہندوستان کے بڑھتے ہوئے عالمی اثر و رسوخ پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیرِ دفاع نے کہا کہ آسٹریلیا کے وزیرِاعظم انتھونی البانیسی نے ہندوستان کی تیز رفتار ترقی کی تعریف کی۔کل میری آسٹریلیا کے وزیرِاعظم سے ملاقات کے دوران انہوں نے ہندوستان کی تیز رفتار ترقی اور پیش رفت کی تعریف کی۔ آج، بین الاقوامی فورمز پر ہندوستان کو ایک منفرد مقام حاصل ہے — ہماری آراء کو دنیا بھر میں سنا اور سراہا جا رہا ہے۔ یہ مقام ہم نے اپنی مستقل ترقی اور کامیابیوں کے ذریعے حاصل کیا ہے۔
راجناتھ سنگھ نے مزید کہا کہ ہندوستان نے ماضی کی مشکلات پر قابو پا لیا ہے اور اب اعتماد کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ ایک وقت تھا جب ہندوستان کو ایک غریب اور بے روزگاری سے جوجھنے والے ملک کے طور پر دیکھا جاتا تھا، لیکن اب یہ ملک تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور اعتماد و مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔
اسی روز راجناتھ سنگھ نے سڈنی میں آسٹریلیا کے اسسٹنٹ وزیرِ دفاع پیٹر خلیل کے ساتھ "ہندوستان۔آسٹریلیا دفاعی صنعت گول میز اجلاس" کی مشترکہ صدارت بھی کی۔ دونوں فریقوں نے دفاعی شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے اور اپنی دفاعی صنعتوں اور افواج کے درمیان اشتراک بڑھانے پر زور دیا۔ راجناتھ سنگھ بدھ کے روز سڈنی پہنچے تھے، جہاں انہوں نے دو روزہ سرکاری دورے کے دوران آسٹریلیا کے اعلیٰ حکام اور وفود سے ملاقاتیں کیں تاکہ دوطرفہ تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔