چین کے انتباہ کے باوجود، نیپال کا سمٹ فار ڈیموکریسی میں شرکت کا اعلان

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 01-12-2021
چین کے انتباہ کے باوجود، نیپال کا سمٹ فار ڈیموکریسی میں شرکت کا اعلان
چین کے انتباہ کے باوجود، نیپال کا سمٹ فار ڈیموکریسی میں شرکت کا اعلان

 

 

کھٹمنڈو۔ نیپال میں اقتدار کی تبدیلی کے ساتھ چین کا دباؤ اور اثر و رسوخ بھی کم ہو رہا ہے۔ چین نے امریکی صدر کی جانب سے منعقدہ سمٹ فار ڈیموکریسی کو ون چائنا پالیسی کی مخالفت مانا ہے۔

اس کے باوجود چین کے زیر اثر رہ چکے،کئی ممالک نے اس سمٹ میں شرکت کا اعلان کیا ہے۔ چین نے اپنے پڑوسی نیپال پر بھی اس سربراہی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کے لئے دباؤ ڈالا تھا۔

نیپال کو اس عالمی سربراہی اجلاس میں شرکت سے روکنے کے لیے کھٹمنڈو میں موجود چینی سفیرہائویانکی ہی نہیں،چین کی کمیونسٹ پارٹی کے دفتر خارجہ کے سربراہ سونگ تاؤ تک مسلسل دباؤ ڈال رہے تھے۔

نیپال میں چین کے سفیر نے حال ہی میں نیپال کے وزیر خارجہ ڈاکٹر نارائن کھڑکا سے ملاقات کی تھی اور انہیں اس سربراہی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ اس کے باوجود وزیراعظم شیر بہادر دیوا نے کابینہ سمیت اس سربراہی اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔

کابینہ اجلاس کے فیصلے کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے نیپال حکومت کے ترجمان گیانیندر بہادر کارکی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اپنے 11 رکنی وفد کے ساتھ امریکہ کے صدر کی طرف سے منعقدہ سمٹ فار ڈیموکریسی میں شرکت کرنے جا رہے ہیں۔

نیپال کو اس سربراہی اجلاس میں شرکت سے روکنے کے لیے سی پی سی کے محکمہ خارجہ کے سربراہ سونگ تاؤ نے حکمراں اتحاد کے دو سرکردہ رہنماؤں ماؤ نواز پارٹی کے صدر پراچندا اور سوشلسٹ پارٹی کے صدر مادھو نیپال سے بات کر کے وزیر اعظم پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی۔ 12 نومبر کو نیپال میں چینی سفیر نے وزیر خارجہ کھڈکا سے ملاقات کی اور ان پر دباؤ ڈالا۔

نیپال کی وزارت خارجہ کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل سے اس ملاقات کی تصدیق کی گئی۔ اسی طرح 22 نومبر کو نیپال کے نائب صدر نند کشور پن کو ایک پروگرام میں بلایا گیا اور چینی سفیر کی طرف سے دباؤ ڈالا گیا۔

اسی تقریب میں سی پی سی کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے سربراہ نے جو عملی طور پر موجود تھے، نے بھی بالواسطہ بتایا تھا کہ امریکی صدر کی جانب سے منعقد کی جانے والی کانفرنس چین کی ون چائنا پالیسی کے خلاف ہے اور چین کے دوست ممالک کو اس سے خود کو دور کرنا چاہیے۔

نیپال کے حکمراں اتحاد کے رہنما، ماؤ نواز صدر پراچندا اور این سی پی اے سوشلسٹ صدر مادھو نیپال نے بھی اس پروگرام میں شرکت کی۔ ان دونوں رہنماؤں کو چین کی طرف سے یہ بھی مشورہ دیا گیا کہ نیپال کے لیے اس سربراہی اجلاس میں شرکت کرنا 'مناسب' نہیں ہوگا۔

دو روز قبل نیپال کے حکمراں اتحاد کے اجلاس میں بھی ان دونوں رہنماؤں نے وزیراعظم پر دباؤ ڈالا تھا تاہم وزیراعظم نے حکمران اتحاد کے رہنماؤں کے دباؤ کو نظر انداز کرتے ہوئے اس کانفرنس میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔