مودی نے خالدہ ضیا کی موت پر تعزیت کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 30-12-2025
مودی نے خالدہ ضیا کی موت پر تعزیت کی
مودی نے خالدہ ضیا کی موت پر تعزیت کی

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
 وزیرِ اعظم نریندر مودی نے منگل کے روز بنگلہ دیش کی سابق وزیرِ اعظم اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی چیئرپرسن بیگم خالدہ ضیا کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور ان کے اہلِ خانہ اور بنگلہ دیش کے عوام سے دلی تعزیت کی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیرِ اعظم مودی نے کہا کہ وہ بیگم خالدہ ضیا کے انتقال کی خبر سن کر “انتہائی افسردہ” ہیں۔ انہوں نے مرحومہ کے اہلِ خانہ کے لیے اس صدمے کو برداشت کرنے کی طاقت کی دعا بھی کی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ ڈھاکہ میں سابق وزیرِ اعظم اور بی این پی چیئرپرسن بیگم خالدہ ضیا کے انتقال کی خبر سن کر بے حد افسردہ ہوں۔ ان کے اہلِ خانہ اور بنگلہ دیش کے تمام عوام سے ہماری دلی تعزیت۔ اللہ تعالیٰ ان کے خاندان کو اس المناک نقصان کو برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔
بیگم خالدہ ضیا کا آج علی الصبح 80 برس کی عمر میں ڈھاکہ کے ایورکیئر اسپتال میں علاج کے دوران انتقال ہو گیا۔ بی این پی کی جانب سے فیس بک پر جاری بیان کے مطابق، خالدہ ضیا کا انتقال صبح تقریباً 6 بجے (مقامی وقت) فجر کی نماز کے فوراً بعد ہوا۔
بیان میں کہا گیا کہ خالدہ ضیا فجر کی نماز کے فوراً بعد صبح تقریباً 6 بجے انتقال کر گئیں۔ ہم ان کی روح کے ابدی سکون کے لیے دعا گو ہیں اور سب سے درخواست کرتے ہیں کہ ان کے لیے دعا کریں۔
بیگم خالدہ ضیا کو 23 نومبر کو پھیپھڑوں کے انفیکشن کے باعث ڈھاکہ کے ایورکیئر اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ سابق وزیرِ اعظم طویل عرصے سے دل کی بیماری، ذیابیطس، گٹھیا، جگر کے عارضے اور گردوں کی پیچیدگیوں سمیت متعدد جسمانی بیماریوں میں مبتلا تھیں۔ اسی ماہ کے اوائل میں انہیں بہتر علاج کے لیے لندن بھی بھیجا گیا تھا۔ آج صبح اسپتال کے باہر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہو گئے، اسی دوران بیگم ضیا کے صاحبزادے اور بی این پی کے قائم مقام چیئرمین طارق رحمان بھی اپنی مرحومہ والدہ کو آخری خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے پہنچے۔
بیگم خالدہ ضیا کی سیاسی خدمات کو یاد کرتے ہوئے وزیرِ اعظم مودی نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ بنگلہ دیش کی پہلی خاتون وزیرِ اعظم کی حیثیت سے انہوں نے ملک کی ترقی اور ہندوستان۔بنگلہ دیش تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحومہ کا وژن اور ورثہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کی رہنمائی کرتا رہے گا۔
وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش کی پہلی خاتون وزیرِ اعظم کے طور پر بنگلہ دیش کی ترقی اور ہندوستان۔بنگلہ دیش تعلقات کے لیے ان کی اہم خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مجھے 2015 میں ڈھاکہ میں ان سے ہونے والی خوشگوار ملاقات یاد ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ان کا وژن اور ورثہ ہماری شراکت داری کی رہنمائی کرتا رہے گا۔۔