اسپین کے قرطبہ میں تیز رفتار ٹرین حادثہ، ہلاکتیں 21 تک پہنچ گئیں، ریل سروس معطل

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 19-01-2026
اسپین کے قرطبہ میں تیز رفتار ٹرین حادثہ، ہلاکتیں 21 تک پہنچ گئیں، ریل سروس معطل
اسپین کے قرطبہ میں تیز رفتار ٹرین حادثہ، ہلاکتیں 21 تک پہنچ گئیں، ریل سروس معطل

 



میڈرڈ:  اسپین کے صوبہ قرطبہ میں تیز رفتار ٹرین حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 21 ہو گئی ہے جبکہ کئی افراد زخمی ہیں۔ یورو نیوز کے مطابق مالاگا سے میڈرڈ پوئرتا دے آتوچا جانے والی ایریو ٹرین تقریباً 300 مسافروں کو لے کر جا رہی تھی کہ آدموز کے قریب پٹری سے اتر کر برابر کی لائن پر چلی گئی اور میڈرڈ ہوئلوا روٹ پر چلنے والی اے وی ای ٹرین سے ٹکرا گئی۔

دوسری ٹرین اسپین کی سرکاری ریلوے کمپنی رینفے چلا رہی تھی۔ مسافروں کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیوز میں کئی بوگیاں بری طرح تباہ نظر آئیں۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ ٹکر کا جھٹکا زلزلے جیسا محسوس ہوا اور مسافروں کو جان بچانے کے لیے کھڑکیاں توڑنی پڑیں جس سے کئی افراد زخمی ہوئے۔ کچھ مسافروں نے ٹرین کے اندر دھواں ہونے کی بھی اطلاع دی۔

اسپین کے ریلوے انفراسٹرکچر آپریٹر اے ڈی آئی ایف نے بتایا کہ میڈرڈ اور اندلس کے درمیان تمام ریل سروسز اگلے حکم تک معطل کر دی گئی ہیں۔ ادارے کے مطابق جائے حادثہ پر ایمرجنسی سروسز تعینات ہیں اور مقامی حکام رینفے اور ایریو کے ساتھ مل کر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سرکاری نشریاتی ادارے آر ٹی وی ای کے صحافی سلواڈور خیمنیز جو اسی ٹرین میں سفر کر رہے تھے نے بتایا کہ آخری دو بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جن میں سے ایک مکمل طور پر الٹ گئی۔ انہوں نے کہا کہ شام 6 بج کر 40 منٹ پر ٹرین وقت پر روانہ ہوئی تھی لیکن اچانک ایسا لگا جیسے زلزلہ آیا ہو اور ٹرین پٹری سے اتر گئی۔ بعد میں مسافروں کو ہتھوڑوں سے کھڑکیاں توڑ کر باہر نکالا گیا۔

ریڈ کراس نے قرطبہ سے ایک میڈیکل ایمبولینس اور جائن سے تین اضافی ایمبولینس روانہ کی ہیں اور دونوں ٹرینوں کے مسافروں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اسپین کے وزیر ٹرانسپورٹ اوسکار پونتے نے کہا کہ وہ اے ڈی آئی ایف کے آپریشن کنٹرول سینٹر سے صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں اور مصدقہ معلومات ملتے ہی عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔ میڈرڈ کی علاقائی صدر ایزابیل دیاث آیوسو نے زخمیوں کے علاج کے لیے میڈرڈ کے اسپتالوں کی مدد کی پیشکش کی اور کہا کہ آتوچا اسٹیشن پر متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے ٹیمیں تعینات کی جائیں گی۔ حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تفتیش شروع کر دی ہے۔