کیف: یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے بدھ کے روز کہا کہ روس کی جانب سے رات بھر کیف اور اس کے اطراف میں کیے گئے میزائل اور ڈرون حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 17 ہو گئی ہے جبکہ 44 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے یوکرین کے فضائی دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے مزید تعاون کی اپیل کی۔زیلنسکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ اب تک کیف اور کیف کے علاقے پر ہونے والے بڑے روسی حملے میں 44 افراد زخمی اور 17 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ انہوں نے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب روس نے رات بھر بیلسٹک میزائلوں، کروز میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا۔زیلنسکی نے بتایا کہ حملے میں 24 بیلسٹک میزائل، 4 زرکون یا اونکس میزائل اور 115 ڈرون استعمال کیے گئے جن میں بڑی تعداد جیٹ انجن سے چلنے والے ڈرونز کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ حملے کا بنیادی ہدف عام شہری کاروباری اداروں کے گودام تھے۔ اس کے علاوہ بنیادی ڈھانچے اور ایک ریلوے اسٹیشن پر بھی حملے کیے گئے۔ ان کے مطابق نشانہ بنائی گئی تنصیبات کا جنگ سے کوئی تعلق نہیں تھا بلکہ ان میں ایک مشروب ساز کمپنی، تعمیراتی سامان کے گودام اور شہری لاجسٹک مراکز شامل تھے۔
زیلنسکی نے یوکرین کے بین الاقوامی شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ فضائی دفاعی نظام خصوصاً بیلسٹک میزائل روکنے والے نظام کی فراہمی میں مزید تاخیر نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ اگر ایسے دفاعی نظام بروقت فراہم کیے جاتے تو آج ہلاک ہونے والے کئی افراد کی جانیں بچائی جا سکتی تھیں۔ ان کے مطابق اس معاملے میں تاخیر یا ایسے نظام فراہم نہ کرنے کا فیصلہ براہ راست انسانی جانوں کے ضیاع اور تباہی کا سبب بن رہا ہے۔
یوکرینی صدر نے روس پر مزید اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ روس کے بیلسٹک میزائل تیار کرنے والے نظام کا ایک بڑا حصہ اب بھی موجودہ پابندیوں سے باہر ہے۔انہوں نے کہا کہ جی 7، یورپی یونین اور دیگر ممالک کو انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے مزید مؤثر اقدامات کرنے چاہییں اور نئی پابندیاں عائد کرنی چاہییں۔دوسری جانب یوکرین کی ریاستی ہنگامی امدادی سروس نے بتایا کہ بروواری، بوچا اور فاستیو اضلاع میں متعدد مقامات پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں جہاں حملوں کے بعد گوداموں، لاجسٹک مراکز اور دیگر شہری تنصیبات میں آگ لگ گئی۔