نیپال - مظاہروں میں ہلاکتوں کی تعداد 34 تک پہنچ گئی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 12-09-2025
نیپال - مظاہروں میں ہلاکتوں کی تعداد 34 تک پہنچ  گئی
نیپال - مظاہروں میں ہلاکتوں کی تعداد 34 تک پہنچ گئی

 



 کٹھمنڈو : (اے این آئی): کٹھمنڈو وادی میں جاری "جنریشن زیڈ" (Gen Z) مظاہروں میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 34 ہو گئی ہے۔ دی ہمالین ٹائمز نے یہ اعداد و شمار نیپال کی وزارتِ صحت و آبادی کے حوالے سے جاری کیے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، ملک بھر میں اب تک 1,368 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ وزارت کے ترجمان ڈاکٹر پرکاش بدھاتھوکی نے بتایا کہ زخمیوں کی بڑی تعداد کو ابتدائی علاج کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے اور اب تک 949 افراد اسپتالوں سے ڈسچارج ہو چکے ہیں۔ اس وقت 58 مریض ٹراما سینٹر، 48 سول سروس اسپتال، 35 کٹھمنڈو میڈیکل کالج، 25 تری بھون یونیورسٹی ٹیچنگ اسپتال اور 26 بیرندرا ملٹری اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

اسی دوران، نیپال کے آرمی چیف اشوک راج سگدی، چیف جسٹس پرکاش مان سنگھ راؤت اور سی پی این (ماؤسٹ سینٹر) کے رہنماؤں کے درمیان ایک اعلیٰ سطحی اجلاس جمعے کے روز صدارتی محل میں ہوگا، جس میں صدر رام چندر پاؤڈیل کی بھی شرکت متوقع ہے۔

جمعرات کو "جنریشن زیڈ" مظاہروں کی قیادت کرنے والے رہنماؤں نے پریس کانفرنس میں سابق چیف جسٹس سشیلہ کرکی کو عبوری وزیرِ اعظم کے لیے متفقہ طور پر نامزد کرنے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکی دیانتداری اور آزادانہ فیصلوں کے حوالے سے ایک بہترین انتخاب ہیں۔

مظاہرین کی قیادت کرنے والے نوجوان رہنماؤں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر کرپشن اور سیاسی جمود ان کی عوامی تحریک کی بنیادی وجوہات ہیں۔ "ہم کرپشن کے خلاف یہ تحریک چلا رہے ہیں کیونکہ یہ ہر طرف پھیلا ہوا ہے،" رہنما دیواکر ڈانگل نے کہا۔ ایک اور رہنما جونل گڈال نے وضاحت کی: "سشیلہ کرکی ملک کے لیے عبوری مرحلے میں بہترین نگران رہنما ثابت ہوں گی۔" یاد رہے کہ کرکی نیپال کی پہلی خاتون چیف جسٹس رہ چکی ہیں اور عدلیہ و سیاست میں کرپشن کے خلاف اپنی سخت مؤقف کے باعث معروف ہیں۔

رہنما انیل بانیہ نے کہا، "ہم نے پُرامن احتجاج کی اپیل کی تھی، مگر سیاسی عناصر نے مداخلت کرکے توڑ پھوڑ اور آتش زنی کی۔ ہم آئین کو ختم نہیں کرنا چاہتے بلکہ اس میں ضروری ترامیم چاہتے ہیں۔ آن لائن سروے میں Gen Z رہنماؤں نے سشیلہ کرکی کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔ چھ ماہ کے اندر انتخابات کرائے جائیں گے۔"

کٹھمنڈو میٹروپولیٹن سٹی کے میئر بالنڈرا شاہ المعروف ’بالین‘ نے بھی کرکی کی حمایت کی ہے، جس سے ان کی حیثیت Gen Z تحریک کی ممکنہ امیدوار کے طور پر مزید مستحکم ہو گئی ہے۔

یہ مظاہرے 8 ستمبر 2025 کو کٹھمنڈو سمیت پوکھرا، بُٹوال اور بیرگنج جیسے بڑے شہروں میں اس وقت شروع ہوئے جب حکومت نے ٹیکس محصولات اور سائبر سکیورٹی کے خدشات کے نام پر بڑی سوشل میڈیا ایپس پر پابندی عائد کر دی۔

صورتحال پر قابو پانے کے لیے کرفیو نافذ کیا گیا جو آج شام 5 بجے تک جاری رہے گا اور دوبارہ شام 7 بجے سے ہفتے کی صبح 6 بجے تک لاگو ہوگا، جیسا کہ نیپالی فوج نے اپنے بیان میں کہا۔

مظاہرین "ادارہ جاتی کرپشن اور اقربا پروری" کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ حکومت اپنے فیصلوں میں شفاف اور جواب دہ ہو۔ عوامی غم و غصے میں اس وقت مزید اضافہ ہوا جب سوشل میڈیا پر "Nepo Babies" کا رجحان چھا گیا، جس نے سیاستدانوں کے بچوں کی پرتعیش زندگیوں اور عام شہریوں کی کسمپرسی کے درمیان معاشی تفاوت کو نمایاں کر دیا