ہانگ کانگ: آگ لگنے سے 44 افراد کی موت، سینکڑوں لاپتہ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 27-11-2025
ہانگ کانگ: آگ لگنے سے 44 افراد کی موت، سینکڑوں لاپتہ
ہانگ کانگ: آگ لگنے سے 44 افراد کی موت، سینکڑوں لاپتہ

 



ہانگ کانگ/ آواز دی وائس
ہانگ کانگ کے ایک رہائشی کمپلیکس میں واقع کئی اونچی عمارتوں میں لگی تباہ کن آگ نے کم از کم 44 افراد کی جان لے لی ہے، جبکہ سینکڑوں لوگ لاپتہ بتائے جا رہے ہیں۔ فائر بریگیڈ کے اہلکار مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں تاکہ اوپری منزلوں پر پھنسے ہوئے رہائشیوں تک پہنچ سکیں، کیونکہ آگ بےقابو انداز میں پھیلتی جا رہی ہے۔
حکام نے جمعرات کی صبح یہ انکشاف کیا کہ اس واقعے کے سلسلے میں تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ایک تعمیراتی کمپنی کے دو ڈائریکٹر اور ایک کنسلٹنٹ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش میں یہ سامنے آیا کہ کمپنی کے نام والے انتہائی آتش گیر پولی اسٹائرین بورڈز کچھ فلیٹس کی کھڑکیوں کو بلاک کرنے کے لیے استعمال کیے گئے تھے، جس پر انہیں "سنگین غفلت" کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔ افسران کو شبہ ہے کہ تعمیراتی جگہ پر موجود دیگر اشیا جیسے حفاظتی جال، کینوس شیٹس اور پلاسٹک کورنگ بھی حفاظتی معیار پر پوری نہیں اترتی تھیں۔
اس رہائشی کمپلیکس کی آٹھ میں سے سات ٹاورز جہاں بڑی تعداد میں معمر افراد رہتے ہیں آگ لگنے کے گھنٹوں بعد بھی جل رہے تھے۔ اسے ہانگ کانگ کی گزشتہ 30 برسوں کی سب سے ہلاکت خیز آگ قرار دیا جا رہا ہے، جس نے 1996 کی بدنام زمانہ گارلے بلڈنگ کی آگ کے ہلاکہ خیز سانحے (41 اموات) کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ ٹائی پو ضلع میں بھڑکنے والی یہ آگ تقریباً 16 گھنٹوں سے جاری ہے۔ فائر فائٹرز تین سب سے زیادہ متاثرہ ٹاورز پر اپنی کوششیں مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ چار دیگر عمارتوں میں آگ کو "قابو میں" کر لیا گیا ہے، مگر وہ مکمل طور پر بجھائی نہیں جا سکی۔
یہ سوالات بڑھتے جا رہے ہیں کہ آگ اتنی تیزی سے کیسے پھیلی۔ فائر سروسز کے ڈائریکٹر اینڈی یونگ نے کہا کہ ٹیموں نے متعدد یونٹس میں کھڑکیوں پر پولی اسٹائرین بورڈز لگے دیکھے، جو ایک "غیر معمولی" بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پولی اسٹائرین بورڈز انتہائی آتش گیر ہوتے ہیں، اور آگ بےحد تیزی سے پھیلی۔ یونگ نے مزید کہا کہ  ان کی موجودگی غیر معمولی تھی، اس لیے معاملہ مزید تحقیقات کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو جان لی نے کہا کہ شہر کے ہاؤسنگ حکام یہ بھی جانچیں گے کہ عمارتوں کی مرمت کے دوران استعمال کی گئی حفاظتی تہہ آگ سے مزاحمت کے معیار پر پوری اترتی تھی یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ذمہ دار افراد کو قانون کے مطابق سزا دیں گے۔
عہدیداران اس بات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ تعمیرات یا مرمت کے دوران عمارتوں کے گرد لگنے والا بانس کا اسکیفولڈنگ آگ کے پھیلاؤ میں کس حد تک مؤثر ثابت ہوا، کیونکہ پہلے بھی ایسی ساخت کو بعض آگ کے واقعات میں ایک اہم وجہ قرار دیا جا چکا ہے۔