کیف:یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روس نے ہفتے کی رات کیف پر بڑے پیمانے پر فضائی حملہ کیا جس میں کم از کم 9 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ انہوں نے ایک بار پھر اتحادی ممالک سے فضائی دفاعی نظام خصوصاً پیٹریاٹ میزائل انٹرسیپٹرز کی فوری فراہمی کا مطالبہ کیا۔صدر زیلنسکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ روس نے رات بھر 35 میزائل داغے جن میں 27 بیلسٹک میزائل شامل تھے۔ اس کے علاوہ مختلف اقسام کے 185 حملہ آور ڈرون بھی استعمال کیے گئے۔ ان کے مطابق کیف اس حملے کا مرکزی ہدف تھا جبکہ دنیپرو۔ سومی۔ خارکیف اور پولتاوا کے علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حملوں میں کیف کے 7 اضلاع متاثر ہوئے اور 18 رہائشی عمارتوں۔ ایک اسکول۔ بنیادی ڈھانچے کی متعدد تنصیبات اور لیتھوانیا کے سفارت خانے کو نقصان پہنچا۔زیلنسکی نے کہا کہ رات سے ہی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ شہر کے مختلف حصوں میں آگ بھڑک اٹھی اور روسی افواج نے معمول کے مطابق رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا۔ اب تک 9 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ درجنوں زخمی ہیں۔ طبی ٹیمیں تمام متاثرین کو علاج فراہم کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس حملے کے دوران صرف ایک بیلسٹک میزائل کو ہی تباہ کیا جا سکا کیونکہ پیٹریاٹ نظام کے لیے انٹرسیپٹر میزائل دستیاب نہیں تھے۔ ان کے مطابق یہی کمی روس کو مزید مہلک حملے کرنے کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔زیلنسکی نے زور دے کر کہا کہ اتحادی ممالک کو سمجھنا ہوگا کہ یہ دفاعی صلاحیتیں کسی مستقبل کے فرضی بحران کے لیے ذخیرہ کرنے کے بجائے اس وقت یوکرین کو درکار ہیں تاکہ روسی حملوں کو روکا جا سکے اور شہریوں کی جانیں بچائی جا سکیں۔
اس سے قبل زیلنسکی نے بتایا کہ ان کی امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس سے ٹیلی فون پر بات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ گفتگو میں وائٹ ہاؤس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے حالیہ ملاقات۔ یوکرین کے لیے فضائی دفاعی نظام کی ضرورت اور روس یوکرین جنگ کے عالمی منڈیوں پر اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔زیلنسکی کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کی ٹیمیں مسلسل رابطے میں رہیں گی اور زیر بحث امور پر کام جاری رکھیں گی۔ انہوں نے یوکرین کی حمایت پر امریکہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔
دوسری جانب روسی خبر رساں ادارے آر ٹی نے روسی وزارت دفاع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ روسی افواج نے رات بھر زمینی اور بحری ذرائع سے داغے جانے والے جدید ہتھیاروں اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرونز کے ذریعے بڑے پیمانے پر کارروائی کی۔روسی وزارت دفاع کے مطابق حملوں کا ہدف کیف اور اس کے اطراف یوکرین کی دفاعی صنعت سے وابستہ وہ تنصیبات تھیں جہاں میزائل۔ ڈرون۔ ریڈار نظام اور الیکٹرانک جنگی آلات کی تیاری۔ ذخیرہ اور ترسیل کی جاتی ہے۔آر ٹی کی رپورٹ کے مطابق کیف میں پہلے دھماکے مقامی وقت کے مطابق رات ایک بجے کے بعد سنے گئے اور تقریباً تین بجے تک وقفے وقفے سے دھماکوں کا سلسلہ جاری رہا۔س