شمالی چین
چین کے شمالی صوبے شانشی میں ایک کوئلے کی کان میں گیس دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 82 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ سرکاری میڈیا نے ہفتے کے روز یہ اطلاع دی۔اس سے قبل آنے والی خبروں میں بتایا گیا تھا کہ کان کے اندر متعدد افراد پھنسے ہوئے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی شنہوا کے مطابق یہ حادثہ جمعہ کی شام شہر چانگ ژی کی لیوشینیو کوئلہ کان میں پیش آیا۔شنہوا نے ابتدائی رپورٹ میں بتایا تھا کہ حادثے کے وقت تقریباً 247 مزدور کان کے اندر کام کر رہے تھے۔
بعد ازاں سرکاری میڈیا نے تصدیق کی کہ اس دھماکے میں کم از کم 82 افراد جان کی بازی ہار گئے۔اس سے پہلے ہفتے کی صبح شنہوا کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ حادثے میں آٹھ افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 38 افراد کان میں پھنسے ہوئے ہیں۔
شنہوا کے مطابق دھماکے کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ امدادی اور ریسکیو کارروائیاں بھی مسلسل جاری ہیں۔