چین کا کامیاب دورہ مکمل: وزیراعظم مودی کی واپسی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 01-09-2025
چین کا کامیاب دورہ مکمل: وزیراعظم مودی کی واپسی
چین کا کامیاب دورہ مکمل: وزیراعظم مودی کی واپسی

 



تیانجن [چین]، 1 ستمبر (اے این آئی): وزیراعظم نریندر مودی پیر کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شرکت کے بعد ایک بامعنی اور کامیاب دورہ مکمل کرنے کے بعد ہندوستان روانہ ہوگئے۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کیں۔

ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیراعظم مودی نے اس دورے کو ’’کامیاب‘‘ قرار دیا اور اس بات کو اجاگر کیا کہ انہوں نے اہم عالمی مسائل پر ہندوستان کے مؤقف پر زور دیا۔

انہوں نے لکھا کہ  چین کا بامعنی دورہ مکمل کرتے ہوئے، جہاں میں نے ایس سی او اجلاس میں شرکت کی اور مختلف عالمی رہنماؤں سے تبادلۂ خیال کیا۔ اہم عالمی مسائل پر ہندوستان کے موقف کو بھی نمایاں کیا۔ صدر شی جن پنگ، چینی حکومت اور عوام کا اس اجلاس کے کامیاب انعقاد پر شکریہ۔

وزیراعظم مودی نے روسی صدر ولادیمیر پوتن سے دو طرفہ ملاقات کے دوران کہا کہ دہلی اور ماسکو کے درمیان تعاون عالمی امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے نہایت اہم ہے۔پیر کے روز وزیر اعظم مودی نے تیانجن میں ایس سی او کے 25ویں اجلاس میں شرکت کی، جہاں انہوں نے دہشت گردی کی مالی معاونت اور انتہا پسندی کے خلاف عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پاہلگام دہشت گرد حملے کی طرف توجہ مبذول کروائی اور گروپ پر زور دیا کہ وہ ایسے ممالک کو جوابدہ ٹھہرائیں جو سرحد پار دہشت گردی کی پشت پناہی کرتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کرغزستان کو ایس سی او کی صدارت سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی۔

اجلاس میں ایس سی او کی ترقیاتی حکمتِ عملی، عالمی طرزِ حکمرانی میں اصلاحات، انسداد دہشت گردی، امن و سلامتی، اقتصادی و مالی تعاون اور پائیدار ترقی پر بامقصد بات چیت ہوئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے ایس سی او کے فریم ورک کے تحت تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے لیے ہندوستان کے رویے پر روشنی ڈالی۔ اس سلسلے میں انہوں نے کہا کہ ہندوستان تین ستونوں: سلامتی، رابطہ کاری اور مواقع کے تحت مزید عملی اقدامات چاہتا ہے۔

اتوار کو وزیراعظم مودی نے ایس سی او سربراہی اجلاس کے موقع پر چینی صدر شی جن پنگ سے دو طرفہ بات چیت کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے قازان (اکتوبر 2024) میں برکس اجلاس کے دوران ہونے والی آخری ملاقات کے بعد سے تعلقات میں مثبت پیش رفت اور مسلسل بہتری کا خیرمقدم کیا۔دونوں نے اس بات کی توثیق کی کہ ہندوستان اور چین ترقی کے شراکت دار ہیں نہ کہ حریف، اور ان کے اختلافات کو تنازعات میں نہیں بدلنا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات باہمی احترام، باہمی مفاد اور باہمی حساسیت کی بنیاد پر مستحکم رہیں تاکہ نہ صرف دونوں ملکوں کی ترقی اور خوشحالی بلکہ کثیر قطبی دنیا اور کثیر قطبی ایشیا کے تصور کو بھی تقویت مل سکے جو 21ویں صدی کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہے۔

وزیراعظم مودی نے اتوار کو تیانجن میں ایس سی او اجلاس کے موقع پر استقبالیہ تقریب کے دوران کئی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے جنوب مشرقی ایشیا، وسطی ایشیا اور یوریشیا کے رہنماؤں سے بات چیت کی اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے ہندوستان کے عزم کو اجاگر کیا۔ ان رہنماؤں میں مالدیپ، نیپال، لاؤس، ویتنام، آرمینیا اور ترکمانستان کے رہنما شامل تھے۔چین کے دورے سے پہلے وزیراعظم مودی دو روزہ جاپان کے دورے پر تھے، جہاں انہوں نے بھارت-جاپان سالانہ اجلاس میں شرکت کی۔انہوں نے ٹوکیو کے دورے کے مثبت نتائج کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ بھارت-جاپان تعلقات مستقبل میں مزید نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔