فلوریڈا،:امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے اعلان کیا ہے کہ امریکی افواج نے ایران کی بندرگاہوں کے خلاف جاری بحری ناکہ بندی کے تحت 118 تجارتی جہازوں کا رخ موڑ دیا ہے جبکہ پانچ دیگر جہازوں کو ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔
امریکی افواج نے 13 اپریل کو ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی قائم کی تھی۔
سینٹ کام نے اتوار کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا کہ 31 مئی تک امریکی فوج 118 تجارتی جہازوں کا رخ موڑ چکی ہے جبکہ پانچ جہازوں کو ناکارہ بنایا جا چکا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے مزید خبردار کیا کہ ایران کی بندرگاہوں کی جانب جانے اور وہاں سے آنے والے تمام جہازوں کی نقل و حرکت کو روکنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
سمندر میں اس سخت کارروائی کے ساتھ ساتھ سفارتی محاذ پر بھی کشیدگی کے آثار نمایاں ہیں۔ تہران کے ساتھ مجوزہ معاہدے کو چند روز قبل "تقریباً حتمی" قرار دینے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مبینہ طور پر معاہدے کے مسودے کو وسیع ترامیم کے لیے واپس بھیج دیا ہے جس سے سفارتی عمل مزید طویل اور غیر یقینی ہو گیا ہے۔سی این این کے مطابق ٹرمپ نے اپنے مشیروں کے ساتھ ایک اجلاس کے دوران ایران کے جوہری وعدوں اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے سے متعلق مزید سخت شرائط شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔
رپورٹس کے مطابق امریکی صدر نے اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی کہ کسی ممکنہ معاہدے کے تحت تہران کو کتنی مالی رعایتیں دی جا سکتی ہیں۔ وہ اس معاملے میں اوباما دور کے جوہری معاہدے سے موازنہ کیے جانے سے محتاط ہیں جسے وہ بارہا حد سے زیادہ نرم قرار دے چکے ہیں۔تازہ ترین تبدیلیاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب ایک ہفتہ قبل ٹرمپ نے کہا تھا کہ معاہدہ بڑی حد تک مکمل ہو چکا ہے اور دشمنی کے خاتمے کا وقت قریب ہے۔
اس کے بعد امریکی حکام نے عندیہ دیا تھا کہ ایک ایسے معاہدے کی جانب پیش رفت ہو رہی ہے جو لڑائی کو روکنے۔ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور ایران کے جوہری پروگرام پر مزید تفصیلی مذاکرات کی راہ ہموار کرے گا۔تاہم جمعہ کو ہونے والے اجلاس میں ٹرمپ کی جانب سے "حتمی فیصلہ" کیے جانے کی توقع کے باوجود دو گھنٹے طویل نشست کسی نتیجے کے بغیر ختم ہو گئی۔
سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکہ ایران کے اعلیٰ درجے تک افزودہ یورینیم کے ذخائر کو قبضے میں لے کر تباہ کر دے گا۔ تاہم ایران مسلسل یہ مؤقف اختیار کرتا رہا ہے کہ موجودہ مذاکرات میں اس کے جوہری پروگرام کی تفصیلات زیر بحث نہیں ہیں۔ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ معاہدے کے حصے کے طور پر کسی مالی لین دین پر بات نہیں ہوئی جبکہ ایران کا کہنا ہے کہ کسی بھی معاہدے میں مالی معاملات اور اقتصادی شقیں شامل ہونا ضروری ہیں۔
ان اختلافات کو کس طرح حل کیا جائے گا اس بارے میں ابھی کچھ واضح نہیں کیونکہ معاہدے کی زبان اور شرائط پر مذاکرات جاری ہیں۔
اس سے قبل ایکسیوس نے بھی رپورٹ دی تھی کہ ٹرمپ نے مجوزہ معاہدے میں ترامیم کا مطالبہ کیا ہے جن میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے سے متعلق زیادہ سخت الفاظ شامل ہیں۔
دوسری جانب تہران کی سیاسی قیادت نے اس پیش رفت پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اتوار کو کہا کہ جب تک ایران کے "حقوق" کا مکمل تحفظ یقینی نہیں بنایا جاتا امریکہ کے ساتھ کسی معاہدے کی منظوری نہیں دی جائے گی۔
تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق انہوں نے کہا:"سفارتی محاذ کے سپاہیوں کو دشمن کے الفاظ اور وعدوں پر کوئی اعتماد نہیں۔ ہمارے لیے اہم چیز ٹھوس کامیابیاں ہیں جنہیں حاصل کرنا ضروری ہے اور جن کے بدلے میں ہم اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔"
ادھر سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے رکن ڈیموکریٹ سینیٹر کرس کونز نے کہا کہ ٹرمپ کی جانب سے پیش کی گئی شرائط کاغذ پر تو قابل قبول دکھائی دیتی ہیں لیکن ان پر عمل درآمد خاص طور پر آبنائے ہرمز کے معاملے میں انتہائی مشکل ثابت ہو سکتا ہے۔ (اے این آئی)