کویت سٹی
مغربی ایشیا اور خلیجی خطے میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال کے درمیان کویت، اردن اور بحرین نے ہنگامی الرٹس جاری کیے ہیں، جبکہ فضائی دفاعی نظام فضائی اہداف کو نشانہ بنا کر روکنے میں مصروف ہیں۔کویتی فوج نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر جاری ایک بیان میں کہا کہ اس کے فضائی دفاعی نظام اس وقت "دشمنانہ فضائی اہداف" کو روک رہے ہیں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ حفاظتی اور سکیورٹی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔
الجزیرہ کے مطابق کویت نے اپنی فضائی حدود بھی بند کر دی ہیں اور میزائلوں اور ڈرون حملوں کے جواب میں کارروائیاں جاری ہیں۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ بحرین میں ایک بار پھر فضائی حملے کے سائرن بجائے گئے۔ بحرین کی وزارتِ داخلہ نے تصدیق کی کہ خطرے کا سائرن فعال کر دیا گیا ہے اور شہریوں کو پرسکون رہنے، قریبی محفوظ مقام پر منتقل ہونے اور سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی تازہ معلومات پر نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے پریس ٹی وی نے دعویٰ کیا کہ اردن میں فضائی دفاعی نظام اس وقت فعال کیا گیا جب ایران کی جانب سے ایک امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملے کیے گئے۔ تاہم اس حوالے سے آزاد ذرائع سے تصدیق سامنے نہیں آئی۔اردن میں امریکی سفارت خانے نے ایک انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اطلاعات کے مطابق میزائل، ڈرون یا راکٹ اردن کی فضائی حدود میں موجود ہیں۔ فوری طور پر کسی مضبوط چھت والی محفوظ جگہ پر پناہ لیں، گھروں کے اندر رہیں اور مقامی حکام کی ہدایات اور انتباہات پر توجہ دیں۔ امریکی سفارت خانہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہا ہے اور مزید معلومات فراہم کرتا رہے گا۔
یہ اہم پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایرانی حکام نے امریکی حملوں کے جواب میں آبنائے ہرمز کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ نے جمعرات کی علی الصبح اطلاع دی کہ صدر کے حکم پر 10 جون کو ایران کے مختلف مقامات پر مزید "دفاعی حملے" کیے گئے۔
سینٹکام کے مطابق ان حملوں میں ایران کی فوجی نگرانی کی صلاحیتوں، مواصلاتی نظام اور فضائی دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ امریکی میرین کور، فضائیہ اور بحریہ کے وسائل نے ایران کے ان اہداف پر انتہائی درست ہتھیار استعمال کیے جو امریکی افواج اور خطے کے سمندری راستوں سے گزرنے والے بین الاقوامی تجارتی جہازوں کے لیے خطرہ سمجھے جا رہے تھے۔
سینٹکام نے مزید کہا کہ یہ کارروائیاں ایران کی "بلاجواز اور مسلسل جارحیت" کے جواب میں کی گئی ہیں۔الجزیرہ کے مطابق ایرانی ذرائع ابلاغ نے صوبہ قزوین کے شہروں ابیک اور کرج کے علاوہ سیریک میں دھماکوں کی اطلاعات دی ہیں۔الجزیرہ نے ایران کے انقلابی گارڈز کے حوالے سے مزید رپورٹ کیا کہ امریکی حملوں کے جواب میں 18 "اہم" امریکی فوجی تنصیبات اور فوجی مفادات سے وابستہ مقامات کو نشانہ بنایا گیا، جن میں کویت کے علی السالم اور احمد الجابر فوجی اڈے اور بحرین کا شیخ عیسیٰ ایئر بیس شامل ہیں۔
بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران پریس ٹی وی نے رپورٹ کیا کہ ایرانی انقلابی گارڈز کے کمانڈر جنرل سید مجید موسوی نے امریکہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکہ آبنائے ہرمز کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش جاری رکھتا ہے تو پورا خطہ "جہنم" میں تبدیل ہو سکتا ہے۔