آبنائے ہرمز کی بندش کا اثر عالمی معیشت پر پڑ رہا ہے: اجیت ڈوبھال

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 29-05-2026
آبنائے ہرمز کی بندش کا اثر عالمی معیشت پر پڑ رہا ہے: اجیت ڈوبھال
آبنائے ہرمز کی بندش کا اثر عالمی معیشت پر پڑ رہا ہے: اجیت ڈوبھال

 



ماسکو: قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال نے جمعہ کے روز ماسکو میں روسی فیڈریشن کے پہلے نائب وزیرِ اعظم ڈینس مانتوروف سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دفاع سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا۔ دونوں فریقوں نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا اور دفاع، توانائی، خلائی تحقیق اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کا جائزہ لیا۔

روسی فریق نے اجیت ڈوبھال کے لیے نیشنل اسپیس سینٹر اور روسکوسموس جوائنٹ انڈسٹری انفارمیشن سینٹر کا دورہ بھی ترتیب دیا۔ اجیت ڈوبھال نے ماسکو میں منعقدہ پہلے بین الاقوامی سلامتی فورم کے موقع پر میانمار کے قومی سلامتی کے مشیر ٹن آنگ سان سے بھی ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے سلامتی، دفاع، رابطہ کاری اور دیگر شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا اور علاقائی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔

میانمار کے قومی سلامتی کے مشیر جولائی میں ہونے والے پانچویں BIMSTEC قومی سلامتی مشیروں کے اجلاس میں شرکت کے لیے ہندوستان کا دورہ کریں گے۔ اس سے قبل اجیت ڈوبھال نے بین الاقوامی سلامتی فورم کے موقع پر اپنے روسی ہم منصب اور روسی سلامتی کونسل کے سکریٹری سرگئی شوئیگو سے بھی ملاقات کی تھی۔

روس میں ہندوستانی سفارت خانے نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ دونوں رہنماؤں نے دفاع، سلامتی، توانائی اور اقتصادی تعلقات میں جاری تعاون کا جائزہ لیا۔ پوسٹ میں مزید کہا گیا: “دونوں فریقوں نے نئی دہلی میں ہونے والے آئندہ برکس قومی سلامتی مشیروں کے اجلاس پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔”

ماسکو میں پہلے بین الاقوامی سلامتی فورم اور سلامتی امور کے اعلیٰ عہدیداروں کے 14ویں بین الاقوامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اجیت ڈوول نے مغربی ایشیا کی صورتحال پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے آبنائے ہرمز اور بحیرۂ احمر سمیت بین الاقوامی آبی راستوں سے تجارتی نقل و حرکت کے محفوظ اور بلا رکاوٹ جاری رہنے کی اہمیت پر زور دیا۔

اجیت ڈوبھال نے تیل اور گیس کی سپلائی میں خلل پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس کا اثر عالمی معیشت پر پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان مغربی ایشیا میں کشیدگی کم کرنے اور خطے میں استحکام بحال کرنے کی تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا: “مغربی ایشیا کا تنازع خصوصی ذکر کا متقاضی ہے۔ خطے میں جاری کشیدگی انتہائی سنگین تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔ بحری نقل و حمل کو لاحق خطرات اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے میں رکاوٹیں ظاہر کرتی ہیں کہ موجودہ صورتحال کتنی نازک ہے۔” انہوں نے مزید کہا: آبنائے ہرمز اور بحیرۂ احمر سمیت بین الاقوامی آبی راستوں سے عالمی تجارت کی محفوظ اور بلا تعطل نقل و حرکت عالمی معیشت کے لیے نہایت ضروری ہے۔ ہندوستان کشیدگی کم کرنے اور استحکام بحال کرنے کی تمام کوششوں میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔