پاکستان ۔ جبری گمشدگیوں کی کمیشن پر "گمراہ کن" کیس بند کرنے پر تنقید کی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 12-09-2025
 پاکستان ۔ جبری گمشدگیوں کی کمیشن پر
پاکستان ۔ جبری گمشدگیوں کی کمیشن پر "گمراہ کن" کیس بند کرنے پر تنقید کی

 



اسلام آباد۔پاکستان میں سول سوسائٹی کی تنظیموں نے جبری گمشدگیوں کی تحقیقات کرنے والے سرکاری کمیشن پر شدید تنقید کی ہے اور الزام لگایا ہے کہ کمیشن گمشدہ افراد کے کیسز کو حقائق کے برعکس "حل شدہ" قرار دے کر گمراہ کن طریقے سے بند کر رہا ہے۔

تنظیموں کا کہنا ہے کہ کمیشن کی رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ متعدد لاپتہ افراد اپنے گھروں کو واپس لوٹ آئے ہیں، یا پھر انہیں حراستی مراکز سے رہا کر دیا گیا ہے، جبکہ متاثرہ خاندانوں کا مؤقف ہے کہ ان کے عزیز آج بھی لاپتہ ہیں اور ان کی کوئی خبر نہیں ہے۔

انسانی حقوق کے کارکنوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کمیشن شفاف طریقے سے کام کرے اور لاپتہ افراد کے کیسز کو "حل شدہ" یا "بند" کرنے سے پہلے متاثرہ خاندانوں کو اعتماد میں لے۔

سول سوسائٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ یہ طرز عمل نہ صرف متاثرہ خاندانوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے بلکہ انصاف کے تقاضوں کے بھی خلاف ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جبری گمشدگیاں پاکستان میں ایک سنگین انسانی المیہ بن چکی ہیں اور حکومت کو اس مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنے چاہئیں۔