امریکہ ایران ایم او یو سے "مثبت سگنل" : چین

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 24-06-2026
امریکہ ایران ایم او یو سے
امریکہ ایران ایم او یو سے "مثبت سگنل" : چین

 



بیجنگ
چین کی وزارتِ خارجہ نے واشنگٹن اور تہران کے درمیان حالیہ سفارتی پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے عبوری معاہدے پر امید کا اظہار کیا ہے اور ساتھ ہی اسلامی جمہوریہ ایران کی بنیادی قومی مفادات کے تحفظ کی کوششوں کی اپنی مستقل حمایت کا اعادہ بھی کیا ہے۔
چینی دارالحکومت بیجنگ میں ایک پریس بریفنگ کے دوران وزارتِ خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان حال ہی میں دستخط شدہ مفاہمتی یادداشتوں نے عالمی برادری کو ایک "مثبت اشارہ" دیا ہے۔
ترجمان نے زور دیا کہ اس معاہدے کو تمام متعلقہ فریقین مشترکہ طور پر محفوظ بنائیں اور اس پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ طویل مدتی استحکام قائم رہ سکے۔مغربی ایشیا کے حوالے سے بیجنگ کے سفارتی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے گو جیاکون نے کہا کہ چین ہمیشہ منصفانہ مؤقف اختیار کرتا ہے، امن کے لیے سازگار تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور ایران کی خودمختاری، سلامتی، علاقائی سالمیت اور قومی وقار کے دفاع میں اس کا ساتھ دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین ایران اور خلیجی ممالک سمیت خطے کے دیگر ممالک کے درمیان تعلقات بہتر بنانے کی بھی حمایت کرتا ہے۔
بیجنگ کے یہ بیانات 14 جون کو ہونے والی ایک اہم پیش رفت کے بعد سامنے آئے ہیں، جب ایران اور امریکہ نے 14 نکاتی فریم ورک کا اعلان کیا تھا، جس کا مقصد کشیدگی کا خاتمہ اور باقی ماندہ تنازعات کو سفارتی ذرائع اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنا ہے۔"اسلام آباد انڈرسٹینڈنگ" کے نام سے موسوم یہ مفاہمتی یادداشت ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ڈیجیٹل دستخطوں کے بعد 18 جون سے باضابطہ طور پر نافذ العمل ہو گئی۔
دوسری جانب، اس نئے فریم ورک کے تحت اپنی قومی خودمختاری کے حوالے سے ایران کے مؤقف کو واضح کرتے ہوئے صدر پزشکیان نے منگل کو کہا کہ ملک کا میزائل پروگرام اس معاہدے کے دائرۂ کار سے مکمل طور پر باہر ہے۔
پاکستان کے سرکاری دورے کے دوران اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واشنگٹن کے ساتھ طے پانے والے 14 نکاتی معاہدے اور ایران کی دفاعی صلاحیتوں کے درمیان کسی بھی تعلق کو سختی سے مسترد کر دیا۔
ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق صدر پزشکیان نے کہا، "ہمارے میزائل پروگرام پر کوئی بات مفاہمتی یادداشت میں شامل نہیں ہے اور نہ ہی کبھی شامل ہوگی۔انہوں نے دفاعی میزائل پروگرام کو ایران کی دفاعی حکمتِ عملی کا اہم ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ملک کے پاس یہ دفاعی صلاحیت موجود نہ ہوتی تو اسرائیل اور امریکہ ایران کو شدید نقصان پہنچا سکتے تھے۔
پاکستانی قیادت کے ساتھ علاقائی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر اعلیٰ سطحی مذاکرات کے دوران دیا گیا یہ بیان حالیہ سوئٹزرلینڈ مذاکرات کے بعد سامنے آیا ہے، جن کا مقصد خطے میں کشیدگی کا خاتمہ تھا۔تہران کا یہ سخت مؤقف امریکہ کی جانب سے گزشتہ ہفتے جاری کی گئی مفاہمتی یادداشت کے متن سے بھی مطابقت رکھتا ہے۔
سی این این کے مطابق امریکی انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے 14 نکاتی دستاویز کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس میں بنیادی طور پر آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے، تہران پر بعض مالی پابندیوں میں نرمی اور ایران کے جوہری پروگرام پر آئندہ تکنیکی مذاکرات کے خدوخال شامل ہیں۔
اہم بات یہ ہے کہ جاری کردہ متن میں ایران کے میزائل ڈھانچے یا اس کے وسیع دفاعی نظام پر کسی قسم کی پابندی کا کوئی ذکر موجود نہیں ہے۔اس دستاویز میں ہتھیاروں سے متعلق صرف ایک واضح شق شامل ہے، جس کے تحت تہران نے اس بات کا عہد کیا ہے کہ وہ "جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا اور نہ ہی تیار کرے گا"۔مبصرین کے مطابق یہ امر واشنگٹن کے سفارتی مؤقف میں ایک نمایاں تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس سے قبل ایران کی میزائل صلاحیتوں کو محدود کرنے کو فوجی کارروائیوں کی ایک بڑی وجہ قرار دیتے رہے تھے، تاہم مذاکرات کے دوران ان کا مؤقف نرم پڑ گیا۔گزشتہ ہفتے فرانس میں منعقدہ جی-7 سربراہی اجلاس کے موقع پر ٹرمپ نے کہا تھا کہ میزائل مسئلہ نہیں ہیں۔