چین صدی کا سب سے بڑا 'جیوپولیٹکل امتحان‘ ۔ امریکا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 04-03-2021
چین امریکا تعلقات
چین امریکا تعلقات

 

 

واشنگٹن ۔ امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ اینٹونی بلنکن نے چین کو صدی کا سب سے بڑا 'جیوپولیٹکل امتحان' قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ضرورت پڑنے پر ہر فورم میں چین کا مقابلہ کرے گا۔اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے بلنکن نے کہا کہ جو بائیڈن انتظامیہ موسمیاتی تبدیلی اور کورونا جیسے دنیا کو درپیش دیگر معاملات میں عسکری کارروائی اور تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اکیسویں صدی کے سب سے بڑے جیو پولیٹیکل امتحان کا انتظام کریں گے،جو چین کے ساتھ ہمارے تعلقات ہیں۔

ہانگ کانگ اور ایغور کے حقوق کی بات کریں گےاوراگر ایسا نہیں کیا تو چین مزید استثنیٰ کے ساتھ کام کرے گا۔ امریکی سیکریٹری اسٹیٹ کا کہنا تھا کہ چین واحد ملک ہے جس کے ساتھ معاشی، سفارتی، فوجی اور ٹیکنالوجی کے حامل بین الاقوامی طاقتوں کو سنجیدہ امتحان کا سامنا ہے۔چین کے ساتھ ہمارے تعلقات مسابقتی ہوں گے اور جب حالات مختلف ہوں گے تو پھر معاملات بہتر ہو سکتے ہیں اور ہم چین کو طاقت کی بنیاد پر مصروف رکھیں گے۔

بلنکن نے کہا کہ بائیڈن فوجی کارروائیوں سے گریز کریں گے حالانکہ گزشتہ ہفتے ہی جوبائیڈن نے شام میں ایرانی حمایت یافتہ باغیوں پر فضائی کارروائی کا حکم دے دیا تھا، تاہم انہوں نے عراق میں ہونے والے تازہ حملے کا حوالہ نہیں دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں ہم فوجی کارروائی اپنی اقدار، قانون اور امریکا کے عوام کی منشا کے مطابق اس وقت کریں گے جب ہدف اور مقاصد واضح اور قابل حصول ہوں اور یہ ہم سفارت کاری کے ذریعے مشترکہ طور پر کریں گے۔

یاد رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کو سنکیانگ میں نسل کشی، ہانگ کانگ، تائیوان کے معاملات سمیت معاشی اور کورونا سے متعلق تنقید کرتے ہوئے مختلف پابندیاں عائد کردی تھیں۔امریکا نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر سنکیانگ میں کمیونسٹ پارٹی کے سربراہ چین کینگو سمیت متعدد چینی حکام کے ویزا پر پابندی عائد کرنے کے ساتھ ساتھ اثاثے بھی منجمد کرنے کا اعلان کیا تھا۔