بیجنگ (چین): چین نے جمعہ کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس الزام کو مسترد کر دیا کہ امریکی افواج کی جانب سے روکے گئے ایک ایرانی پرچم والے بحری جہاز پر موجود سامان “چین کی طرف سے تحفہ” تھا، اور کہا کہ یہ دعویٰ حقائق پر مبنی نہیں ہے۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق، چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گوو جیاکون نے کہا کہ اس الزام کے حق میں کوئی ثبوت موجود نہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے باوجود ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات متاثر نہیں ہونے چاہئیں۔ بدھ کے روز بھی چین نے ٹرمپ کے اس بیان کو مسترد کیا تھا جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ آبنائے ہرمز میں امریکی افواج کی جانب سے روکا گیا جہاز ممکنہ طور پر ایران کے لیے “چین کی طرف سے تحفہ” لے جا رہا تھا۔
چین نے ایک بار پھر واضح کیا کہ وہ ہمیشہ اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی پابندی کرتا ہے۔ بیجنگ میں ایک باقاعدہ پریس کانفرنس کے دوران گوو جیاکون نے کہا: “چین اس معاملے پر اپنا مؤقف کئی بار واضح کر چکا ہے۔ میں دوبارہ دہراتا ہوں کہ ایک ذمہ دار بڑی طاقت کے طور پر چین ہمیشہ اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں مثال رہا ہے۔”
اس سے قبل منگل کو ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ امریکی افواج نے ایک جہاز کو روکا جس میں مبینہ طور پر چین سے ایران کے لیے بھیجا گیا سامان موجود تھا، اور اسے “تحفہ” قرار دیا۔ امریکی ٹی وی پروگرام “اسکواک باکس” میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا: “ہم نے کل ایک جہاز پکڑا جس میں کچھ ایسی چیزیں تھیں جو اچھی نہیں تھیں — شاید چین کی طرف سے ایک تحفہ، مجھے معلوم نہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں حیرت ہوئی کیونکہ ان کے مطابق ان کے شی جن پنگ کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، لیکن “جنگ میں ایسا ہوتا رہتا ہے۔” ادھر ایران کے سفیر امیر سعید ایروانی نے 21 اپریل کو اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ امریکہ فوری طور پر ایرانی تجارتی جہاز “توسکا” اور اس کے عملے کو غیر مشروط طور پر رہا کرے۔
ایروانی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور سلامتی کونسل کے صدر کو ایک خط میں امریکہ پر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا، اور کہا کہ امریکی افواج کی جانب سے ایرانی جہازوں کو نشانہ بنانا ایک “غیر قانونی اور معاندانہ اقدام” ہے۔