سینٹ کام ٹرمپ کو ایران میں نئے فوجی اختیارات کے بارے میں بریفنگ دے گا: ایکسیوس رپورٹ
واشنگٹن ڈی سی
رپورٹ کے مطابق سینٹ کام کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بریفنگ دینے والے ہیں، کیونکہ امریکی فوج ایران میں فوجی کارروائیوں کی ایک نئی لہر پر غور کر رہی ہے۔ یہ ممکنہ نئے فوجی آپریشنز اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ امریکہ ایک نازک جنگ بندی کے دوران ایران پر آخری بڑا وار کرنے کے لیے تیار ہے۔
ایکسیوس کے مطابق یہ بریفنگ سینٹ کام کی تیار کردہ ایک منصوبہ بندی سے متعلق ہے—ایران پر “مختصر اور شدید” حملوں کی ایک لہر، جس میں ممکنہ طور پر بنیادی ڈھانچے کے اہداف کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے، تاکہ جنگ بندی میں پیدا ہونے والی رکاوٹ کو توڑا جا سکے۔
ایک اور منصوبہ آبنائے ہرمز پر کنٹرول حاصل کرنے اور اسے تجارتی جہازوں کے لیے کھولنے سے متعلق ہے۔ اس منصوبے کا آخری پہلو ایک اسپیشل فورس آپریشن ہے، جس کا مقصد ایران کے انتہائی افزودہ یورینیم کے ذخائر کو محفوظ بنانا بتایا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق جوائنٹ چیفس کے چیئرمین جنرل ڈین کین کے بھی اس بریفنگ میں شریک ہونے کی توقع ہے۔
اس سے قبل ایکسیوس کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں ٹرمپ نے اشارہ دیا تھا کہ ایران کے جوہری پروگرام پر دباؤ ڈالنے کے لیے جو ناکہ بندی استعمال کی جا رہی ہے وہ جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ ناکہ بندی بمباری سے زیادہ مؤثر ہے۔ وہ ایک دباؤ میں گھٹتے ہوئے محسوس کر رہے ہیں، اور ان کے لیے حالات مزید خراب ہوں گے۔ انہیں جوہری ہتھیار نہیں رکھنے دیے جا سکتے۔
ایکسیوس کے مطابق ٹرمپ نے ایران کی اس تجویز کو مسترد کر دیا ہے جس میں جوہری مذاکرات سے پہلے آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے اور ناکہ بندی ختم کرنے کی بات کی گئی تھی۔ اس کے بجائے انہوں نے زور دیا ہے کہ کسی بھی قسم کی پابندیوں میں نرمی سے پہلے ایران کو امریکی تحفظات دور کرنا ہوں گے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگرچہ ٹرمپ فی الحال اس ناکہ بندی کو اپنا بنیادی دباؤ سمجھ رہے ہیں، لیکن اگر ایران مذاکرات پر آمادہ نہ ہوا تو وہ فوجی کارروائی پر غور کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب تھنک ٹینک “انسٹی ٹیوٹ فار دی اسٹڈی آف وار” کی ایک تحقیق کے مطابق آبنائے ہرمز کے حوالے سے ایران کی طرف سے پیش کی گئی نئی تجاویز پر تہران کے مزید جھکنے کے امکانات کم ہیں۔آئی ایس ڈبلیوکے مطابق ایرانی انقلابی گارڈز کے سربراہ میجر جنرل احمد واحدی کا سخت موقف اب تہران میں غالب رائے بن چکا ہے۔ تجزیے میں کہا گیا ہے کہ ایران آبنائے ہرمز اور اپنے جوہری پروگرام پر اپنا کنٹرول چھوڑنے کو تیار نہیں دکھائی دیتا۔
رپورٹ کے مطابق ایران کی قیادت میں یہ اتفاق پایا جا رہا ہے کہ جب تک امریکہ ایرانی بندرگاہوں پر عائد بحری ناکہ بندی ختم نہیں کرتا، جوہری معاملے پر کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔
آئی ایس ڈبلیو کا کہنا ہے کہ ایرانی نظام کے اندر واحدی کی مخالفت کرنے والے عناصر نہایت کمزور ہیں۔ تجزیے کے مطابق ایران آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں سے فیس وصول کرنے کے لیے عمان کو شامل کر کے اپنے کنٹرول کے منصوبے کو ایک نیا قانونی رنگ دینے کی کوشش کر سکتا ہے، تاکہ وہ امریکہ کے سامنے ایک “نئی تجویز” پیش کر سکے اور اپنی کسی سرخ لکیر کو بھی عبور نہ کرے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی کو “انتہائی ذہانت پر مبنی اقدام” قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ تہران کو بالآخر اپنی شکست تسلیم کرنا ہوگی، اور جب تک وہ اپنے جوہری عزائم ترک نہیں کرتا کسی معاہدے کی کوئی گنجائش نہیں۔ٹرمپ نے کہا کہ یہ ناکہ بندی ایک انتہائی ذہین قدم ہے، یہ 100 فیصد مؤثر ثابت ہوئی ہے۔ اس سے ہماری بحریہ کی طاقت ظاہر ہوتی ہے۔ دنیا کی سب سے بڑی فوج ہمارے پاس ہے، اور اسے مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ کوئی بھی ہمارے ساتھ چالاکی نہیں کر سکتا۔