مردم شماری رپورٹ سے انکشاف، پاکستان میں گھٹ گئی عیسائی آبادی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 03-06-2021
 پاکستان میں گھٹ گئی عیسائی آبادی
پاکستان میں گھٹ گئی عیسائی آبادی

 

 

اسلام آباد

پاکستان میں اقلیتوں کی گھٹتی آبادی تشویش کی بات ہے.18 مئی 2021 کو چھٹی مردم شماری کے جاری کردہ نتائج میں سامنے آیا ہے کہ مسیحیوں کی آبادی مزید کم ہو گئی ہے۔ حکومت کی جانب سے 2017 میں کی جانے والی مردم شماری کے جاری کردہ نتائج کے مطابق، ملک کی آبادی 20 کروڑ 76 لاکھ 84 ہزار نفوس پر مشتمل ہے۔

پاکستان کی سیاسی جماعتوں پاکستان پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ، جماعت اسلامی اور پاک سر زمین پارٹی نے مردم شماری کے نتائج پر اعتراض کرتے ہوئے اسے متنازع قرار دیا ہے۔ اب مذہبی اقلیتوں نے بھی اعداد و شمار پر سوالات اٹھانا شروع کر دیے ہیں۔

یاد رہے کہ 2017 میں ہونے والی مردم شماری کے نتائج کو تین برس بعد دسمبر 2020 میں وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت کابینہ کے اجلاس میں منظور کیا گیا تھا۔ اس کی منظوری ایم کیو ایم کے اختلافی نوٹ کے ساتھ ہوئی تھی؛ جب کہ مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) نے رواں برس اپریل میں 2017 کی چھٹی مردم شماری کے نتائج کو منظور کیا تھا۔

مردم شماری کے نتائج کا مطالعہ کرنے والے مبصرین کا کہنا ہے کہ ملک میں چھٹی مردم شماری کے نتائج میں سامنے آیا ہے کہ گزشتہ 19 برس میں پاکستان میں مسلمانوں، ہندوؤں اور شیڈولڈ کاسٹ برادریز کی آبادی میں اضافہ ہوا ہے، جب کہ مسیحی، احمدی اور دیگر اقلیتی برادریوں کی آبادی میں کمی واقع ہوئی ہے۔

مردم شماری کے نتائج کے مطابق ملک میں مسلم آبادی 96.47 فی صد ہے جو 1998 کی مردم شماری میں 96.28 فی صد تھی۔ اسی طرح پاکستان میں ہندو آبادی 1998 کی مردم شماری میں 1.6 فی صد سے بڑھ کر 1.73 فی صد ہو گئی ہے اور یوں پاکستان کی سب سے بڑی مذہبی اقلیت بن کر سامنے آئی ہے۔

البتہ مسیحی آبادی 1998 کی مردم شماری میں 1.59 فی صد تھی جو کم ہو کر حالیہ مردم شماری میں 1.27 فی صد ہو گئی ہے۔ اسی طرح ملک میں احمدی برادری کی آبادی 1998 کی مردم شماری میں 0.21 فی صد تھی جو کم ہو کر حالیہ مردم شماری میں 0.09 فی صد ظاہر کی گئی ہے۔ (ایجنسی ان پٹ )