کینیڈا امریکہ کے ساتھ "غیر منصفانہ" سلوک کرتا ہے: ٹرمپ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 10-02-2026
کینیڈا امریکہ کے ساتھ
کینیڈا امریکہ کے ساتھ "غیر منصفانہ" سلوک کرتا ہے: ٹرمپ

 



واشنگٹن ڈی سی/ آواز دی وائس 
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آج ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کینیڈا پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ امریکہ کو ’’مناسب معاوضہ‘‘ نہیں دے رہا اور برسوں سے امریکہ کے ساتھ ’’غیر منصفانہ‘‘ سلوک کر رہا ہے۔
اپنی پوسٹ میں ٹرمپ نے لکھا كہ جیسا کہ سب جانتے ہیں، ملک کینیڈا نے کئی دہائیوں سے ریاستہائے متحدہ کے ساتھ انتہائی غیر منصفانہ رویہ اختیار کر رکھا ہے۔ اب حالات امریکہ کے حق میں بدل رہے ہیں، اور بہت تیزی سے! لیکن ذرا تصور کریں، کینیڈا اونٹاریو اور مشی گن کے درمیان ایک بہت بڑا پل تعمیر کر رہا ہے۔ اس پل کے دونوں کنارے، کینیڈا اور امریکہ کی زمین، کینیڈا کی ملکیت ہیں اور ظاہر ہے کہ یہ پل تقریباً مکمل طور پر امریکی مواد کے بغیر تعمیر کیا گیا ہے۔ ٹرمپ نے سابق امریکی صدر باراک اوباما کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ انہوں نے کینیڈا کو امریکہ سے ’’ناجائز فائدہ اٹھانے‘‘ کی اجازت دی۔
انہوں نے لکھا كہ صدر باراک حسین اوباما نے حماقت کے ساتھ انہیں ایک استثنا دے دیا، جس کے تحت وہ بائے امریکن ایکٹ سے بچ نکلے اور کسی بھی امریکی مصنوعات، بشمول ہماری اسٹیل، کا استعمال نہیں کیا۔ اب کینیڈین حکومت مجھ سے، بطور صدرِ امریکہ، یہ توقع رکھتی ہے کہ میں انہیں یوں ہی ’امریکہ سے فائدہ اٹھانے‘ کی اجازت دے دوں! آخر امریکہ کو کیا ملا؟ بالکل کچھ نہیں!۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ اونٹاریو امریکہ کی بنی ہوئی اسپرٹ، مشروبات اور دیگر الکوحل مصنوعات کو اپنی دکانوں میں رکھنے کی اجازت تک نہیں دیتا اور ان پر مکمل پابندی عائد ہے۔
انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ اس سب کے بعد اب وزیر اعظم کارنی چین کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتے ہیں، جو کینیڈا کو ’’نگل جائے گا‘‘ اور امریکہ کو صرف بچا ہوا حصہ ملے گا۔
ٹرمپ نے طنزیہ انداز میں کہا كہ میں ایسا نہیں سمجھتا۔ چین سب سے پہلے کینیڈا میں کھیلی جانے والی تمام آئس ہاکی کو ختم کرے گا اور اسٹینلے کپ کو ہمیشہ کے لیے مٹا دے گا۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا کی جانب سے امریکی ڈیری مصنوعات پر عائد کیے گئے ٹیرف کئی برسوں سے ناقابلِ قبول ہیں اور اس سے امریکی کسانوں کو شدید مالی خطرات لاحق ہیں۔
ٹرمپ نے واضح الفاظ میں کہا كہ میں اس پل کو اُس وقت تک کھلنے کی اجازت نہیں دوں گا جب تک امریکہ کو اس ہر چیز کا مکمل معاوضہ نہ مل جائے جو ہم نے کینیڈا کو دی ہے، اور جب تک کینیڈا امریکہ کے ساتھ وہ منصفانہ اور باعزت سلوک نہ کرے جس کے ہم حقدار ہیں۔ ہم فوری طور پر مذاکرات شروع کریں گے۔ ہم نے انہیں جو کچھ دیا ہے، اس کے بدلے ہمیں کم از کم اس اثاثے کا آدھا حصہ تو ملنا ہی چاہیے۔ امریکی مارکیٹ کی بدولت حاصل ہونے والی آمدنی آسمان کو چھو لے گی۔ اس معاملے پر توجہ دینے کا شکریہ!۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ٹرمپ نے امریکہ اور کینیڈا کے درمیان موجودہ تجارتی طریقۂ کار پر ناراضی ظاہر کی ہو۔ گزشتہ ماہ، ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے 56ویں سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکہ کا شمالی پڑوسی واشنگٹن سے ’’کافی مفت مراعات‘‘ حاصل کرتا ہے، مگر جتنا شکر گزار ہونا چاہیے، اتنا نہیں ہے۔
ٹرمپ نے کہا تھا كہ کینیڈا کو ہم سے بہت سی مفت سہولتیں ملتی ہیں۔ انہیں شکر گزار ہونا چاہیے، لیکن وہ نہیں ہیں۔ میں نے کل آپ کے وزیر اعظم کو دیکھا، وہ بالکل شکر گزار نظر نہیں آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا مجوزہ ’’گولڈن ڈوم‘‘ میزائل دفاعی نظام کینیڈا کو بھی تحفظ فراہم کرے گا۔
ٹرمپ نے زور دیتے ہوئے کہا كہ کینیڈا امریکہ کی وجہ سے قائم ہے۔ مارک، اگلی بار بیان دیتے وقت یہ بات یاد رکھنا۔ ٹرمپ کے یہ بیانات کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی کے لیے تھے، جنہوں نے ڈیووس میں اپنی تقریر کے دوران ’’عظیم طاقتوں کی مسابقت کے دور‘‘ کا ذکر کیا تھا، جہاں قوانین پر مبنی عالمی نظام کمزور پڑ رہا ہے، اور انہوں نے ٹیرف کے دباؤ کی مخالفت بھی کی تھی، جو واشنگٹن کی جانب سے گرین لینڈ کے حصول کے لیے مالی دباؤ کے استعمال کی طرف ایک بالواسطہ اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔