اوٹاوا: کینیڈا نے ایک نیا ڈیجیٹل سیفٹی بل متعارف کرایا ہے، جس کے تحت 16 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تک رسائی محدود کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ تاہم ایسی کمپنیاں، جو کم عمر صارفین کے تحفظ کے لیے مؤثر حفاظتی اقدامات ثابت کر سکیں، انہیں استثنا حاصل کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ بل سی-34 بدھ کے روز کینیڈا کے وزیر برائے شناخت و ثقافت مارک ملر نے پیش کیا۔
یہ آن لائن نقصانات اور خطرات سے نمٹنے کے لیے قانونی فریم ورک تیار کرنے کی کینیڈین حکومت کی تازہ ترین کوشش ہے۔ سرکاری بیان کے مطابق مجوزہ قانون کے تحت چیٹ جی پی ٹی جیسے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی چیٹ بوٹ سروسز کو بھی ضابطے میں لایا جائے گا اور آن لائن پلیٹ فارمز کے لیے نئی حفاظتی شرائط متعارف کرائی جائیں گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ کینیڈا میں نقصان ہونے کے بعد کارروائی کے لیے قوانین موجود ہیں، لیکن اس وقت ایسے قواعد کم ہیں جو نقصان کو پہلے سے روکنے کے لیے آن لائن خدمات کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوں۔ سیف سوشل میڈیا ایکٹ کا مقصد اس صورتحال کو تبدیل کرنا ہے تاکہ سوشل میڈیا سروسز اور اے آئی چیٹ بوٹ فراہم کرنے والے ادارے نقصان ہونے سے پہلے ہی اس کی روک تھام کے پابند ہوں۔
اس اقدام کے ذریعے کینیڈا ان ممالک کی فہرست میں شامل ہو رہا ہے جو بچوں کے آن لائن تحفظ کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ فی الحال آسٹریلیا واحد ملک ہے جہاں 16 سال سے کم عمر افراد کے سوشل میڈیا استعمال پر قومی سطح کا قانون نافذ کیا جا چکا ہے، جبکہ برطانیہ، فرانس، یونان، اسپین اور ملائیشیا سمیت کئی ممالک بھی اسی نوعیت کے اقدامات پر غور کر رہے ہیں یا انہیں تیار کر رہے ہیں۔ اگر یہ قانون منظور ہو جاتا ہے تو ویب سائٹس اور آن لائن پلیٹ فارمز پر بچوں کو نقصان دہ مواد، سائبر بُلیئنگ اور آن لائن ہراسانی سے محفوظ رکھنے کی قانونی ذمہ داری عائد ہوگی۔
سرکاری بیان کے مطابق قانون سوشل میڈیا اور اے آئی چیٹ بوٹ سروسز کے لیے نئی حفاظتی شرائط نافذ کر کے انہیں زیادہ جوابدہ اور شفاف بنائے گا۔ اس میں 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بنانے پر پابندی شامل ہوگی، البتہ کمپنیاں یہ ثابت کرنے کی صورت میں استثنا حاصل کر سکیں گی کہ انہوں نے بچوں کے تحفظ کے لیے مناسب حفاظتی انتظامات کیے ہیں۔ کینیڈین حکومت کے مطابق نئی شرائط کے تحت مصنوعات کے ڈیزائن میں بچوں کی حفاظت کو بنیادی اہمیت دی جائے گی، جس میں نوجوان صارفین کو نقصان دہ مواد اور پرخطر آن لائن روابط سے بچانے کے اقدامات شامل ہوں گے۔
مقامی میڈیا کے مطابق حکومتی دستاویزات میں تجویز دی گئی ہے کہ قانون پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے ڈیجیٹل سیفٹی کمیشن آف کینیڈا قائم کیا جائے۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں پر ایک کروڑ کینیڈین ڈالر یا ان کی عالمی آمدنی کے تین فیصد (جو بھی زیادہ ہو) تک جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔ یہ قانون کینیڈا میں آن لائن نقصانات کے ضابطہ کاری سے متعلق کئی برسوں سے جاری بحث کے بعد سامنے آیا ہے۔
سابق وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے 2021 کے انتخابی منشور میں ایسے قانون کا وعدہ کیا تھا اور 2024 میں ایک بل بھی پیش کیا گیا تھا، تاہم 2025 کے انتخابات سے قبل وہ پارلیمنٹ سے منظور نہ ہو سکا۔ اس مجوزہ قانون کو بعض حلقوں، خصوصاً کنزرویٹو پارٹی، کی مخالفت کا بھی سامنا ہے۔ ناقدین کا مؤقف ہے کہ اس کی بعض فوجداری دفعات آزادیٔ اظہار پر منفی اثر ڈال سکتی ہیں۔