ایڈمنٹن: کینیڈا کے شہر ایڈمنٹن میں جمعہ کی صبح نانکسر سکھ گوردوارے میں چاقو زنی کے واقعے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے 27 سالہ مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایڈمنٹن پولیس سروس کے مطابق ملزم کا پرتشدد جرائم کا سابقہ ریکارڈ ہے اور اسے حال ہی میں وفاقی ادارے سے رہا کیا گیا تھا، جہاں وہ سنگین حملہ اور پولیس اہلکار پر حملے کے جرم میں سزا کاٹ رہا تھا۔ واقعے سے قبل وہ مقررہ ہاف وے ہاؤس میں رپورٹ کرنے میں بھی ناکام رہا تھا۔
پولیس کو صبح 4:49 بجے ہائی وے 15 کے قریب ایک شخص کے ٹریفک کے درمیان چلنے کی اطلاع ملی۔ تقریباً 5:05 بجے نانکسر سکھ گوردوارے کے اندر چاقو زنی کی اطلاع موصول ہوئی۔
پولیس کے مطابق مشتبہ شخص گوردوارے میں داخل ہوا اور عبادت گاہ کے حصے تک پہنچنے کی کوشش کی۔ عملے کی جانب سے روکے جانے پر صورتحال کشیدہ ہوگئی اور دو افراد پر چاقو سے حملہ کیا گیا۔ موقع پر موجود افراد نے ملزم کو قابو کرلیا، جس کے بعد پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔
زخمیوں میں 75 سالہ اور 51 سالہ دو مرد شامل ہیں۔ ایمرجنسی میڈیکل سروسز نے انہیں اسپتال منتقل کیا، جہاں دونوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔پولیس کی تحقیقاتی ٹیم نے تفتیش کی ذمہ داری سنبھال لی ہے اور ہیٹ کرائمز یونٹ کے ساتھ مل کر یہ معلوم کر رہی ہے کہ آیا حملہ مذہبی نفرت سے متاثر تھا۔ ملزم کے خلاف الزامات کا باضابطہ اعلان فی الحال باقی ہے۔
ایڈمنٹن پولیس چیف وارن ڈریشل نے کہا کہ واقعے میں مزید سنگین جانی نقصان نہ ہونے پر اطمینان ہے، تاہم متاثرین اور سکھ برادری کو پہنچنے والے صدمے کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں اس نوعیت کے تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہے۔
ابتدائی اطلاعات میں ایک سکھ مذہبی صحیفے کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا، تاہم گوردوارے کے عہدیداروں نے سی بی سی نیوز کو بتایا کہ کسی مقدس متن کو نقصان نہیں پہنچا۔کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے واقعے کو ’’انتہائی افسوسناک‘‘ قرار دیتے ہوئے زخمیوں اور متاثرہ کمیونٹی سے اظہار ہمدردی کیا۔
البرٹا کی وزیراعلیٰ ڈینیئل اسمتھ نے بھی زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے سکھ برادری کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو اپنی برادری اور عبادت گاہوں میں محفوظ رہنے کا حق حاصل ہے۔سی بی سی نیوز کے مطابق یہ واقعہ البرٹا کے دو سکھ مندروں کو دھمکی آمیز فون کالز موصول ہونے کے چند روز بعد پیش آیا ہے۔ (اے این آئی)