تل ابیب
اسرائیل نے جمعرات کے روز خواجہ آصف کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے نہ صرف ان کی مذمت کی بلکہ امریکہ-ایران مذاکرات میں پاکستان کی غیر جانبداری پر بھی سوال اٹھایا۔ایک بیان میں اسرائیلی وزیر اعظم کا دفتر نے خواجہ آصف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے "اسرائیل کے خاتمے کی اپیل ناقابلِ قبول اور اشتعال انگیز ہے" اور پاکستان کی حکومت کے طرزِ عمل پر بھی سخت اعتراض کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کے وزیر دفاع کی جانب سے اسرائیل کے خاتمے کی بات انتہائی قابلِ مذمت ہے۔ یہ ایسا بیان ہے جسے کسی بھی حکومت کی طرف سے برداشت نہیں کیا جا سکتا، خاص طور پر ایسی حکومت کی طرف سے جو خود کو امن کے لیے غیر جانبدار ثالث قرار دیتی ہو۔
یہ ردعمل اس وقت سامنے آیا جب خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر اپنے بیان میں اسرائیل کو "برائی اور انسانیت کے لیے لعنت" قرار دیتے ہوئے اس پر لبنان میں "نسل کشی" کے الزامات عائد کیے، جبکہ امن مذاکرات جاری ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اسرائیل برائی ہے اور انسانیت کے لیے لعنت ہے۔ اسلام آباد میں امن مذاکرات جاری ہیں، مگر لبنان میں نسل کشی کی جا رہی ہے۔ بے گناہ شہریوں کو مارا جا رہا ہے پہلے غزہ، پھر ایران اور اب لبنان خونریزی مسلسل جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں امید اور دعا کرتا ہوں کہ جن لوگوں نے فلسطینی سرزمین پر یہ سرطان جیسی ریاست قائم کی تاکہ یورپی یہودیوں سے نجات حاصل کی جا سکے، وہ جہنم میں جلیں۔پاکستان کے وزیر دفاع کے اس بیان نے اسلام آباد میں مجوزہ مذاکرات شروع ہونے سے پہلے ہی نازک جنگ بندی کو مزید خطرے میں ڈال دیا ہے۔
یہ معاملہ اس وقت مزید حساس ہو گیا جب پاکستان کی جانب سے دو ہفتوں کی جنگ بندی کی شرائط واضح کرنے میں ابہام سامنے آیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے دعویٰ کیا تھا کہ لبنان بھی امن معاہدے کا حصہ ہے، تاہم اس دعوے کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو دونوں نے مسترد کر دیا۔
دوسری جانب بنیامین نیتن یاہو نے ایک بار پھر واضح کیا کہ "لبنان میں کوئی جنگ بندی نہیں ہے" اور انہوں نے حزب اللہ کے خلاف "پورے زور" کے ساتھ فوجی کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ لبنان میں کوئی جنگ بندی نہیں ہے۔ ہم حزب اللہ پر پوری طاقت کے ساتھ حملے جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس وقت تک نہیں رکیں گے جب تک آپ کی سلامتی بحال نہیں ہو جاتی۔