آکلینڈ: رات کے درمیان ایک شخص اچانک جاگ جاتا ہے۔ وہ شدید ذہنی دباؤ میں ہوتا ہے اور کسی سے بات کرنا چاہتا ہے۔ لیکن کسی عزیز کو فون کرنے یا ماہرِ نفسیات سے وقت لینے کے بجائے وہ چیٹ جی پی ٹی (ChatGPT) کھول لیتا ہے۔ دنیا بھر میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی چیٹ بوٹس تیزی سے لوگوں کے ساتھی، مشیر، ہم راز اور بڑھتی ہوئی تعداد میں افراد کے لیے غیر رسمی معالج بنتے جا رہے ہیں۔
مختلف مطالعات سے معلوم ہوا ہے کہ بہت سے لوگ اپنی ذاتی پریشانیاں بیان کرنے، جذباتی سہارا حاصل کرنے، اپنے احساسات پر غور کرنے اور اپنی ذہنی کیفیت کو بہتر طور پر سمجھنے کے لیے اے آئی سے گفتگو کرتے ہیں۔ اس کی وجہ بھی واضح ہے۔ چیٹ بوٹس کسی پر تنقید نہیں کرتے اور نہ ہی فیصلہ صادر کرتے ہیں۔
نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا جیسے ممالک میں جہاں ذہنی صحت کی خدمات پر بہت زیادہ دباؤ ہے اور طویل انتظار کرنا پڑتا ہے، وہاں اے آئی فوری طور پر دستیاب رہتی ہے۔ تاہم جیسے جیسے مصنوعی ذہانت ذہنی صحت کے شعبے میں زیادہ استعمال ہونے لگی ہے، یہ سمجھنا ضروری ہو گیا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی کہاں واقعی مددگار ثابت ہو سکتی ہے اور کہاں اس کی حدود ختم ہو جاتی ہیں۔ آج کے جدید چیٹ بوٹس پیچیدہ سوالات کے جواب دینے، تعلقات کے بارے میں مشورے فراہم کرنے اور نہایت ہمدردانہ انداز میں گفتگو کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
تحقیقی مطالعات سے معلوم ہوا ہے کہ ذہنی صحت کے حوالے سے اے آئی بعض حالات میں مفید معلومات فراہم کر سکتی ہے، انسان کو اپنے جذبات پر غور کرنے کی ترغیب دے سکتی ہے اور جذباتی تعاون بھی فراہم کر سکتی ہے۔ کچھ تحقیق سے یہ بھی اشارہ ملا ہے کہ اگر اے آئی پر مبنی ذہنی صحت کے آلات کو احتیاط سے تیار کیا جائے اور مناسب طریقے سے استعمال کیا جائے تو وہ بے چینی اور ڈپریشن کی علامات کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ اے آئی لوگوں کو مشکل حالات کو مختلف زاویوں سے دیکھنے کی مشق بھی کرا سکتی ہے۔ دوسری جانب محققین، ماہرینِ نفسیات اور ریگولیٹری اداروں نے کئی سنگین خدشات بھی ظاہر کیے ہیں۔ اے آئی بعض اوقات غلط مشورہ دے سکتی ہے، نقصان دہ خیالات کی تائید کر سکتی ہے یا ایسے افراد کو بروقت پیشہ ورانہ مدد لینے کی ترغیب دینے میں ناکام رہ سکتی ہے جو ذہنی بحران سے گزر رہے ہوں۔ اگرچہ اے آئی ہمدردانہ انداز میں جواب دیتی ہے، لیکن وہ انسان کے حقیقی احساسات اور حالات کو مکمل طور پر نہیں سمجھ سکتی۔ ذہنی صحت کے ماہرین کے برعکس، اگر اے آئی کی غلطی سے نقصان ہو جائے تو وہ انہی پیشہ ورانہ اور قانونی ضابطوں کی پابند بھی نہیں ہوتی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ذہنی صحت کی دیکھ بھال صرف معلومات فراہم کرنے کا نام نہیں بلکہ اس میں اعتماد، ہمدردی، طبی مہارت اور انسانی تعلق بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ اسی لیے زیادہ تر ماہرین اے آئی کو ذہنی صحت کی خدمات کا متبادل نہیں بلکہ معاون ذریعہ قرار دیتے ہیں۔
آکلینڈ یونیورسٹی کے 2DN ریسرچ گروپ کے محققین اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا اے آئی ڈپریشن کی ابتدائی علامات کی بروقت شناخت میں مدد کر سکتی ہے۔ ڈپریشن اکثر انسان کے بولنے اور اظہار کے انداز کو متاثر کرتا ہے۔ گفتگو کی رفتار، وقفے، آواز کا اتار چڑھاؤ، الفاظ کا انتخاب اور جذبات کے اظہار میں آنے والی تبدیلیاں کسی شخص کی ذہنی حالت کے بارے میں اہم اشارے فراہم کر سکتی ہیں۔ ماہرین ان اشاروں کو ڈیجیٹل بایو مارکرز کہتے ہیں، یعنی ایسے قابلِ پیمائش رویے یا جسمانی علامات جو صحت کے بارے میں معلومات فراہم کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ چہرے کے تاثرات، نیند کے معمولات اور جسمانی سرگرمیوں کا بھی مطالعہ کیا جا رہا ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد ڈاکٹروں کی جگہ لینا نہیں بلکہ ایسے آلات تیار کرنا ہے جو ابتدائی جانچ اور مسلسل نگرانی میں معاون ثابت ہوں، تاکہ جن افراد کو مزید طبی معائنے کی ضرورت ہو ان کی بروقت نشاندہی کی جا سکے۔ انہوں نے اس کی مثال اسمارٹ واچ سے دی، جو دل کی دھڑکن میں غیر معمولی تبدیلی کا اشارہ تو دے سکتی ہے، لیکن ماہر امراضِ قلب کی جگہ نہیں لے سکتی۔
ماہرین کے مطابق مصنوعی ذہانت ذہنی صحت کی خدمات تک رسائی بڑھانے، دور دراز علاقوں کے لوگوں کی مدد کرنے، مسائل کی جلد شناخت کرنے اور افراد کو اپنی ذہنی کیفیت بہتر طور پر سمجھنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ اس کے ذریعے علاج کو ہر فرد کی ضرورت کے مطابق ڈھالنا بھی ممکن ہو سکتا ہے، بشرطیکہ معیاری معلومات دستیاب ہوں۔ تاہم اس کے ساتھ کئی چیلنجز بھی موجود ہیں۔
ذہنی صحت سے متعلق معلومات انتہائی حساس ہوتی ہیں، اس لیے رازداری، ڈیٹا کی حفاظت اور صارف کی باخبر رضامندی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ مزید یہ کہ اگر اے آئی کو جانبدار معلومات پر تربیت دی جائے تو اس کے نتائج مختلف آبادیوں کے لیے یکساں مؤثر نہیں رہیں گے۔ ماہرین نے اس بات سے بھی خبردار کیا ہے کہ لوگ بعض اوقات اے آئی پر حد سے زیادہ اعتماد کرنے لگتے ہیں۔
حالیہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ صارفین بعض اوقات غلط ہونے کے باوجود اے آئی کے مشوروں کو درست مان لیتے ہیں، کیونکہ اس کے جوابات ہمدردانہ اور حوصلہ افزا محسوس ہوتے ہیں۔ ذہنی صحت جیسے حساس شعبے میں یہ اندھا اعتماد خطرناک نتائج پیدا کر سکتا ہے۔
اس کے باوجود ماہرین کا ماننا ہے کہ آنے والے برسوں میں ذہنی صحت سمیت زندگی کے تقریباً ہر شعبے میں مصنوعی ذہانت کا کردار بڑھتا جائے گا۔ ان کے مطابق اس کی سب سے بڑی افادیت یہی ہوگی کہ یہ لوگوں کو اپنی ذہنی کیفیت بہتر طور پر سمجھنے میں مدد دے اور ماہرین کو خطرات کی بروقت نشاندہی کرنے میں معاون ثابت ہو۔