قاہرہ- حماس، اسرائیلی مذاکرات کا پہلا دور مکمل، غرہ پر حملے بدستور جاری

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 07-10-2025
قاہرہ- حماس، اسرائیلی مذاکرات کا پہلا دور مکمل، غرہ پر حملے بدستور جاری
قاہرہ- حماس، اسرائیلی مذاکرات کا پہلا دور مکمل، غرہ پر حملے بدستور جاری

 



قاہرہ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کے تحت حماس اور اسرائیل کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کا پہلا دور پیر کو مکمل ہوا، تاہم غزہ پر اسرائیلی حملے جاری ہیں۔

مصر کے سیاحتی شہر شرم الشیخ میں ہونے والے مذاکرات میں متنازعہ امور زیر غور آئے، جن میں غزہ سے اسرائیلی فوج کا انخلا اور حماس کی غیر مسلح کاری شامل تھی۔ امن منصوبے میں اسرائیلی حملوں کو روکنا، قیدیوں کا تبادلہ، انسانی امداد کی فراہمی اور حماس کو غیر مسلح بنانے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔

دونوں فریقین نے ٹرمپ کے منصوبے کے اصولوں کی توثیق کی ہے، جسے عرب اور مغربی ممالک کی حمایت بھی حاصل ہے۔

مذاکرات کے باوجود غزہ پر اسرائیلی فضائی اور زمینی حملے جاری ہیں، جن میں تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کم از کم سات فلسطینی ہلاک ہوئے۔

صدر ٹرمپ نے مذاکرات کو تیزی سے آگے بڑھانے پر زور دیا اور امن معاہدے کے ممکن ہونے پر اعتماد ظاہر کیا۔ ابتدائی قیدیوں کے تبادلے کے تحت تقریباً 250 فلسطینی قیدیوں کی رہائی کی توقع ہے، جنہیں اسرائیل میں عمر قید دی گئی تھی، اور اس کے بدلے حماس کے زیرِقبضہ اسرائیلی قیدیوں کو آزاد کیا جائے گا۔

حماس نے علاقے کے مستقبل کے بارے میں وضاحت کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ ٹرمپ کے منصوبے کے مطابق غزہ کی انتظامیہ ایک عبوری تکنوکریٹک ادارے کے ذریعے کی جائے گی، جس کی نگرانی امریکی سربراہی میں ہوگی۔

اسرائیلی جارحیت میں اب تک 67,160 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے میں 1,219 اسرائیلی مارے گئے تھے۔

دونوں فریقین کا مقصد عارضی جنگ بندی اور ابتدائی امن اقدامات جلد نافذ کرنا ہے، جس میں قیدیوں کے مرحلہ وار تبادلے سمیت انسانی بحران کم کرنے کی کوششیں شامل ہیں۔