کھٹمنڈو: نیپال نے جمعہ کے روز پاکستان کے قراقرم سلسلے میں واقع براڈ پیک (8,047 میٹر) پر برفانی تودہ گرنے کے بعد عالمی شہرت یافتہ نیپالی کوہ پیماؤں سمیت کئی بین الاقوامی کوہ پیماؤں کے لاپتا ہونے پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ نیپال کی وزارتِ ثقافت، سیاحت اور شہری ہوا بازی نے اپنے بیان میں کہا کہ لاپتا کوہ پیماؤں کی فوری تلاش اور بچاؤ کے لیے پاکستان میں نیپالی سفارت خانے کے ذریعے حکومتِ پاکستان سے مسلسل رابطہ اور تعاون کیا جا رہا ہے۔
وزارت نے لاپتا کوہ پیماؤں کے نام بتاتے ہوئے کہا کہ ان میں مہم کے سربراہ نرمل پرجا (نمز دائی)، پور بہادر گرونگ (یُکتا)، کلی پیمبا شیرپا (کیلو)، نیما شیرپا، نوانگ تھندو شیرپا اور گیالو شیرپا شامل ہیں۔ بیان میں کہا گیا: "ہمیں اس خبر پر شدید صدمہ پہنچا ہے کہ پاکستان کے قراقرم سلسلے میں واقع براڈ پیک (8,047 میٹر) پر 30 جولائی 2026 کو برفانی تودہ گرنے سے عالمی شہرت یافتہ نیپالی کوہ پیماؤں سمیت مختلف ممالک کے کوہ پیما لاپتا ہو گئے ہیں۔ ہم تمام متعلقہ فریقوں سے اپیل کرتے ہیں کہ لاپتا کوہ پیماؤں کی جلد از جلد تلاش اور ریسکیو کے لیے ضروری اقدامات اور باہمی تعاون کو یقینی بنایا جائے۔"
وزارت نے مزید کہا کہ پاکستان میں نیپالی سفارت خانے کے ذریعے حکومتِ پاکستان کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار ہے اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر سرگرم ہیں، تاہم خراب موسم اور دشوار گزار حالات کی وجہ سے امدادی کارروائیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ دی کھٹمنڈو پوسٹ کے مطابق، براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے بعد اب تک چار لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جبکہ لاپتا کوہ پیماؤں کی تلاش کا عمل جاری ہے۔
لاپتا افراد میں نیپال سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ کوہ پیما اور سابق رائل میرین نرمل پرجا بھی شامل ہیں، جو 10 رکنی بین الاقوامی مہم کی قیادت کر رہے تھے۔ اس مہم میں ایک امریکی، ایک چینی، ایک عمانی، پانچ نیپالی اور ایک پاکستانی کوہ پیما سہیل ساقی (ہنزہ) بھی شامل تھے۔ قراقرم میں واقع براڈ پیک دنیا کی بارہویں بلند ترین چوٹی ہے، جہاں جمعرات کی دوپہر برفانی تودہ گرنے کا واقعہ پیش آیا۔
الپائن کلب آف پاکستان کے صدر عرفان ارشد خان کے مطابق، برآمد ہونے والی چار لاشوں کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔ الپائن کلب آف پاکستان کے نائب صدر کرار حیدری نے اپنے بیان میں کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مہم میں دس کوہ پیما شامل تھے، لیکن برفانی تودہ گرنے کے بعد پورا گروپ رابطے سے باہر ہو گیا۔ انہوں نے بتایا کہ الپائن کلب متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ دستیاب تمام وسائل بروئے کار لا کر جلد از جلد تلاش اور امدادی کارروائیاں مکمل کی جا سکیں۔