لندن: برطانوی تاج کے وارث پرنس ولیم نے ایک بین الاقوامی سفرنامہ دستاویزی فلم کے لیے دیے گئے نایاب انٹرویو میں پہلی بار اس بات کا عندیہ دیا ہے کہ اپنے والد، بادشاہ چارلس سوم کے بعد جب وہ برطانوی فرمانروا بنیں گے تو ان کے منصوبے کس نوعیت کے ہوں گے۔
'پرنس آف ویلز' اور برطانوی شاہی تخت کے 43 سالہ جانشین ولیم نے وِنڈسر کیسل میں "دی ریلکٹنٹ ٹریولر" کی عکس بندی کے دوران کینیڈین اداکار یوجین لیوی سے گفتگو میں کہا کہ "تبدیلی ان کے ایجنڈے میں شامل ہے"۔ اس ہفتے نشر ہونے والے شو کے پروموشن کے لیے جاری کلپ میں لیوی نے ولیم سے پوچھا کہ جب وہ تخت سنبھالیں گے تو کیا بادشاہت ’’کچھ مختلف سمت میں منتقل ہوگی‘‘؟
ولیم نے جواب دیا: "میرا خیال ہے یہ کہنا درست ہوگا کہ تبدیلی میرے ایجنڈے میں ہے۔" انہوں نے کہا: "میں اچھے کے لیے تبدیلی کو قبول کرتا ہوں اور اس سے لطف اندوز ہوتا ہوں۔ مجھے اس سے کوئی خوف نہیں لگتا۔ کچھ تبدیلی لانے کا خیال مجھے جوش دلاتا ہے۔ یہ کوئی بہت بڑی انقلابی تبدیلی نہیں ہوگی بلکہ ایسی تبدیلیاں ہوں گی جو مجھے ضروری محسوس ہوتی ہیں۔"
برطانوی بادشاہت موروثی نوعیت کی ہے اور ایک دن ان کے بڑے بیٹے پرنس جارج بادشاہ بنیں گے۔ اس تناظر میں ولیم نے کہا: "میں ایک ایسی دنیا بنانا چاہتا ہوں جہاں میرے بیٹے کو ہمارے کام پر فخر ہو، ایسی دنیا اور ایسا کام جو واقعی لوگوں کی زندگی بہتر بنائے۔" ایک اور کلپ میں شاہی خاندان نے ذاتی مسائل سے دوچار ہونے کا اعتراف کیا اور گزشتہ برس اپنی اہلیہ کیٹ اور والد چارلس کو کینسر کی تشخیص کو "سب سے مشکل سال" قرار دیا۔