سرحدی جھڑپ، ہندوستان اپنے فوجیوں کو قابو میں رکھے: چین

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 14-12-2022
سرحدی جھڑپ، ہندوستان اپنے فوجیوں کو قابو میں رکھے: چین
سرحدی جھڑپ، ہندوستان اپنے فوجیوں کو قابو میں رکھے: چین

 

 

 نئی دہلی : آواز دی وائس 

چین کو توانگ سیکٹر میں ہندوستان کی فوج کے ہاتھوں ذلت اور رسوائی کے بعد اب چین نے ہندوستان پر زور دیا ہے کہ وہ سرحد پر موجود فوجیوں کو قابو میں رکھے اور امن برقرار رکھنے کی غرض سے چین کے ساتھ کام کرے۔ یہ نتیجہ ہے اس منھ توڑ جواب کا جس نے چین کے چھکے  چھڑا دئیے ہیں ۔ ریاست اروناچل پردیش کے توانگ سیکٹر میں سرحد پر حالیہ جھڑپوں سے متعلق چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے مغربی تھیٹر کمانڈ کے ترجمان نے کہا کہ چینی فوجیوں کے معمول کے پٹرول میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے انڈین فوجیوں نے لائن آف ایکچوئل کنٹرول کو غیرقانونی طور پر عبور کیا

انہوں نے کہا کہ ’ہم ہندوستان پر زور دیتے ہیں کہ وہ فرنٹ لائن پر موجود فوجیوں کو سختی سے قابو میں رکھے اور انہیں روک کر رکھے۔‘

ہندوستانی دفاعی کے مطابق ایک سرحدی چوٹی پر دونوں اطراف کی پٹرولنگ ٹیمیں آمنے سامنے آئیں اور گتھم گتھا ہو گئیں، کچھ فوجی پتھریلی سطح پر گرنے سے زخمی ہوئے۔

مزید دو ذرائع کے مطابق اس واقعے میں تقریباً چھ انڈین فوجی معمولی زخمی ہوئے۔ خیال رہے کہ جمعے کو ریاست اروناچل پردیش میں لائن آف ایکچول کنٹرول (ایل اے سی) پر انڈیا اور چین کے درمیان جھڑپوں میں چند فوجی زخمی ہوئے تھے، اس کے بعد دونوں ممالک کی افواج پیچھے ہٹ گئی تھیں۔

منگل کو وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا تھا کہ 9 دسمبر کو انڈین فوج نے چینی فوجیوں کو ملک کی سرحدوں میں داخل ہونے سے روکا تھا، جھڑپوں میں دونوں اطراف کے فوجی زخمی ہوئے تھے۔

وزیر دفاع نے مزید کہا تھا کہ ان کا کوئی فوجی نہیں ہلاک ہوا اور نہ ہی کسی کو سنگین نوعیت کے زخم آئے۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ پی ایل اے نے توانگ سیکٹر میں لائن آف ایکچوئل کنڑول کی حد عبور کرتے ہوئے یکطرفہ طور پر صورتحال تبدیل کرنے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انڈین فوج نے چین کی اس کوشش کا سختی سے مقابلہ کرتے ہوئے پی ایل اے کو انڈین سرحد میں داخل ہونے سے روکا اور انہیں واپس اپنی پوسٹوں تک محدود رہنے پر مجبور کیا۔ منگل کو ہی چین کی وزارت خارجہ نے بھی جاری بیان میں کہا کہ فراہم کردہ معلومات کے مطابق سرحد پر صورتحال فی الحال معمول کے مطابق ہے۔

اروناچل پردیش کے توانگ میں ہندوستان اور چین کے فوجیوں کے درمیان جھڑپ کی خبر سامنے آئی ہے۔ معلومات کے مطابق، 9 دسمبر کی صبح اروناچل پردیش کے توانگ سیکٹر میں ہندوستانی اور چینی فوجیوں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔ دونوں طرف کے کئی فوجی زخمی ہوئے ہیں۔

اروناچل پردیش میں تصادم 9 دسمبر 2022 کی صبح تقریباً 3 بجے مشرقی توانگ میں یانگتسے کے قریب ہوا۔ ذرائع کے مطابق ایل اے سی کے قریب ایک نالے کے دونوں کناروں پر ہندوستانی اور چینی فوجی تعینات ہیں، لیکن اس دن تقریباً 300 چینی فوجی ہندوستان کی جانب گھس آئے تھے۔ ایل اے سی کا یہ حصہ دونوں فریقوں کے درمیان متنازعہ علاقوں میں سے ایک ہے۔

اروناچل پردیش کے توانگ سیکٹر میں یانگسی کو چینی پی ایل اے کے دستوں نے بار بار نشانہ بنایا ہے اور ان علاقوں سے ہندوستانی فوجیوں کو ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ تقریباً 14 ماہ قبل جب ہندوستان اور چین مشرقی لداخ میں تعطل کو حل کرنے کے لیے فوجی مذاکرات کے 13ویں دور کے انعقاد کی تیاری کر رہے تھے، دونوں اطراف کے فوجی یانگسی علاقے میں ہاتھا پائی میں ملوث تھے۔