وینزویلا سے 4.2 بلین ڈالر مالیت کا تیل اس وقت امریکہ پہنچ رہا ہے: ٹرمپ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 12-01-2026
وینزویلا سے 4.2 بلین ڈالر مالیت کا تیل اس وقت امریکہ پہنچ رہا ہے: ٹرمپ
وینزویلا سے 4.2 بلین ڈالر مالیت کا تیل اس وقت امریکہ پہنچ رہا ہے: ٹرمپ

 



واشنگٹن/ آواز دی وائس
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار (مقامی وقت) کو ایئر فورس ون میں سوار ہونے کے دوران صحافیوں سے وینزویلا کی صورتحال پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ وینزویلا میں معاملات واقعی بہتر انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہم وہاں کی قیادت کے ساتھ بہت اچھے طریقے سے کام کر رہے ہیں، اور دیکھیں گے کہ سب کچھ کیسے آگے بڑھتا ہے۔ ٹرمپ نے وینزویلا کی عبوری صدر ڈیلسی روڈریگز سے بھی بات چیت کی۔ اس ملاقات کے بارے میں ٹرمپ نے کہا کہ وہ بہت اچھی رہی ہیں۔ انہوں نے ہم سے پوچھا کہ کیا ہم 50 ملین بیرل تیل لے سکتے ہیں، اور میں نے کہا ہاں، ہم لے سکتے ہیں۔ اس کی مالیت 4.2 ارب ڈالر ہے اور یہ اس وقت امریکا کی جانب روانہ ہو چکا ہے۔
یہ پیش رفت اس کے بعد سامنے آئی ہے جب صدر ٹرمپ نے جمعہ (مقامی وقت) کو ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے، جس کے تحت امریکی خزانے میں موجود وینزویلا کے تیل سے حاصل ہونے والی آمدنی کو قانونی دعووں یا عدالتی ضبطی سے بچانے کے لیے قومی ایمرجنسی کا اعلان کیا گیا۔ صدر کے مطابق، اس اقدام کا مقصد امریکا کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے اہداف کو آگے بڑھانا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق، یہ ایگزیکٹو آرڈر امریکی خزانے کے کھاتوں میں جمع وینزویلا کے تیل اور ڈائیلوئنٹ کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی کے خلاف کسی بھی قسم کے عدالتی عمل—جیسے ضبطی، فیصلے، رہن، نفاذ، قرق امین یا دیگر قانونی کارروائی کو روک دیتا ہے۔
ان رقوم کو “غیر ملکی حکومت کے ڈپازٹ فنڈز” قرار دیا گیا ہے اور نئی ہدایت کے تحت یہ فنڈز اس وقت تک منجمد رہیں گے جب تک کہ اس کی خصوصی اجازت نہ دی جائے۔ حکم نامہ ان فنڈز کی کسی بھی منتقلی یا لین دین پر بھی پابندی عائد کرتا ہے اور ان سابقہ ہدایات کو منسوخ کرتا ہے جو اس نوعیت کی منتقلی یا معاملات کو منظم یا محدود کرتی تھیں۔ اس میں واضح کیا گیا ہے کہ تیل سے حاصل ہونے والی آمدنی وینزویلا کی خودمختار ملکیت ہے، جو حکومتی اور سفارتی مقاصد کے لیے امریکی تحویل میں رکھی گئی ہے، اور اس پر کوئی نجی فریق دعویٰ نہیں کر سکتا۔
اس سے قبل، جمعہ (مقامی وقت) کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں تیل و گیس کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کی، جہاں انہوں نے وینزویلا کے توانائی کے شعبے میں بڑی سرمایہ کاریوں کو فروغ دینے کی بات کی اور کہا کہ اس میں بہت زیادہ پیسہ کمایا جائے گا۔
اس سے پہلے ہفتہ کے روز، وینزویلا کی عبوری صدر ڈیلسی روڈریگز نے کہا تھا کہ امریکا کے اس اقدام، جس کے نتیجے میں معزول آمر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کی گرفتاری عمل میں آئی ۔ واشنگٹن اور کراکاس کے تعلقات پر ایک بڑے داغ کے طور پر تاریخ میں درج ہوگا۔ سرکاری چینل وینیزولانا ڈی ٹیلی ویژن  پر نشر ہونے والی تقریر میں روڈریگز نے ایک بار پھر کہا کہ ایگزیکٹو برانچ اس مجرمانہ جارحیت کی مذمت کرنا بند نہیں کرے گی جس کا انجام مادورو کی گرفتاری کی صورت میں نکلا، جو اس وقت نیو یارک میں حراست میں ہیں۔