بلاول پاکستان کے سب سے کم عمر وزیر خارجہ بن گئے

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 27-04-2022
بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے کم عمر ترین وزیر خارجہ بن گئے
بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے کم عمر ترین وزیر خارجہ بن گئے

 

 

اسلام آباد:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بدھکو پاکستان کے 37 ویں وزیر خارجہ کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے بعد اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا، جہاں انہیں دفتر خارجہ کے حکام کی جانب سے محکمے اور پاکستان کے بیرونی دنیا سے تعلقات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

اس سے قبل ایوان صدر میں ہونے والی تقریب حلف برداری میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بلاول بھٹو زرداری سے حلف لیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور سابق صدر آصف زرداری بھی موجود تھے جبکہ بلاول بھٹو کی والدہ اور سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی بہن صنم بھٹو بھی حلف برداری کی تقریب میں شریک ہوئیں۔ 

بھٹو ملک کی کسی بھی سیاسی جماعت کے کم عمر ترین چیئرمین ہونے کے ساتھ کم عمر ترین وزیر خارجہ بھی ہیں۔ اس سے قبل حنا ربانی کھر 2011 میں وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالتے وقت تقریباً 33 برس سات ماہ کی تھیں جبکہ بلاول بھٹو کی عمر تقریباً 33 برس چھ ماہ ہے، اس طرح انہوں نے 23 دن کے فرق سے حنا ربانی کھر کا کم عمر ترین وزیر خارجہ کا پاکستانی ریکارڈ توڑ ڈالا۔ اپنی والدہ بے نظیر بھٹو کی طرح ہر کامیابی کے بعد ’جمہوریت بہترین انتقام ہے‘ کہنے والے بلاول بھٹو کو دسمبر 2007 میں والدہ کی وفات کے تین دن بعدہی محض 19 سال کی عمر میں جماعت کی قیادت سنبھالنا پڑی تھی۔

بےنظیر بھٹو کے سابق پریس سیکرٹری بشیر ریاض نے  بتایا کہ ’بلاول نے برے حالات میں پارٹی کی قیادت سنبھالی۔ وہ والدہ کے چہیتے تھے اور اب اپنے نانا کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔‘ بلاول بھٹو زرداری ملک کے پہلے ایسے سیاسی رہنما بھی ہیں جنہوں نے اپنے والد اور والدہ کے نام کا ایک حصہ اپنے نام کے ساتھ لگایا۔