بائیڈن کا نیتن یاہو اور محمود عباس سے رابطہ، صورتِ حال پر اظہارِ تشویش

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
بات چیت کا آغاز
بات چیت کا آغاز

 

 

نیویارک: امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو سے ٹیلی فونک رابطے کے دوران اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری لڑائی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

بائیڈن نے فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس پر زور دیا ہے کہ وہ حماس کے راکٹ حملے رکوائیں۔وائٹ ہاؤس سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق صدر بائیڈن نے نیتن ہاہو اور محمود عباس سے ٹیلی فون پر بات ہفتے کو کی۔ صدر نے اسرائیل پر حملوں کے خلاف اس کے دفاع کے حق کے لیے امریکی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اسرائیلی شہروں پر بلا امتیاز کیے جانے والے حملوں کی مذمت کی۔اس سے قبل بائیڈن نے بدھ کو بھی اسرائیلی وزیرِ اعظم سے فون پر بات کی تھی۔

تاہم صدارت کا منصب سنبھالنے کے بعد فلسطینی رہنما محمود عباس کے ساتھ یہ اُن کا پہلا رابطہ تھا۔ مذکورہ بیان کے مطابق اسرائیلی وزیرِ اعظم سے بات کرتے ہوئے صدر بائیڈن نے انہیں صحافیوں کے تحفظ سے متعلق بھی اپنی تشویش سے آگاہ کیا۔یاد رہے کہ اسرائیل کے ایک فضائی حملے سے غزہ میں وہ عمارت بھی تباہ ہوگئی ہے جس میں امریکی خبر رساں ادارے ‘ایسو سی ایٹڈ پریس’ اور دیگر میڈیا ہاؤسز کے دفاتر تھے۔ صدر بائیڈن نے کہا کہ تنازع کے دوران اسرائیل اور فلسطینی علاقوں میں بچوں سمیت عام شہریوں کی ہلاکتوں پر اُنہیں افسوس ہے۔

انہوں نے محمود عباس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ فلسطینیوں سے شراکت داری مضبوط رکھنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ امریکی صدر نے ایسے اقدامات کی حمایت کی جن کی بدولت فلسطینی اس عزت، تحفظ، آزادی اور اقتصادی مواقع کے ساتھ زندگی گزار سکیں جس کے وہ مستحق ہیں۔اس موقع پر انہوں نے اپریل میں فلسطینیوں کے لیے بحال کی گئی اس امریکی امداد کا ذکر کیا جسے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں معطل کر دیا گیا تھا۔ بائیڈن نے کہا کہ مذاکرات کے ذریعہ دو ریاستوں کا قیام ہی اسرائیل، فلسطین تنازع کا منصفانہ اور دیرپا حل ہے۔