کابل: افغانستان میں پاکستانی فضائی حملوں میں افغان کھلاڑیوں کی ہلاکت کے بعد افغانستان کے کپتان راشد خان نے پاکستان پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ظالمانہ اور غیر قانونی کارروائی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔راشد خان نے ایک بیان میں کہا کہ میں حالیہ پاکستانی فضائی حملوں میں شہریوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ میں ہوں۔ یہ ایک المیہ ہے جس میں عورتیں بچے اور وہ نوجوان کرکٹر مارے گئے جو اپنے ملک کی نمائندگی کے خواب دیکھ رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں کو نشانہ بنانا انتہائی غیر اخلاقی اور وحشیانہ عمل ہے۔ ایسی غیر منصفانہ کارروائیاں انسانی اقدار کے خلاف ہیں اور ان پر خاموشی اختیار نہیں کی جا سکتی۔ میں افغانستان کرکٹ بورڈ کے اس فیصلے کی حمایت کرتا ہوں کہ پاکستان کے خلاف آئندہ میچوں سے دستبردار ہو جائے۔ اس مشکل وقت میں میں اپنی قوم کے ساتھ کھڑا ہوں۔ قومی وقار سب سے مقدم ہے۔
افغانستان کرکٹ بورڈ نے بھی اس سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور اعلان کیا کہ وہ آئندہ سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز سے دستبردار ہو رہا ہے جس میں پاکستان بھی شامل تھا۔ بورڈ نے کہا کہ متاثرین کے احترام میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔بیان کے مطابق فضائی حملے میں ہلاک ہونے والوں میں تین افغان کرکٹر کبیر صبغت اللہ اور ہارون شامل تھے۔ یہ واقعہ پکتیکا کے ارگون ضلع میں پیش آیا جس میں آٹھ افراد جاں بحق اور سات زخمی ہوئے۔
آل راؤنڈر گلبدین نائب نے ایک بیان میں کہا کہ ارگون پکتیکا میں فوجی حملہ بزدلانہ کارروائی ہے جس میں معصوم شہری اور کرکٹر شہید ہوئے۔ پاکستانی فوج کا یہ ظالمانہ حملہ ہماری قوم ہماری عزت اور آزادی پر حملہ ہے مگر یہ افغان جذبے کو کبھی توڑ نہیں سکتا۔فاسٹ بولر فضل حق فاروقی نے کہا کہ معصوم شہریوں اور کرکٹرز کا قتل ایک سنگین اور ناقابل معافی جرم ہے۔ اللہ تعالیٰ شہیدوں کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ظالموں کو اپنی گرفت میں لے۔ کھلاڑیوں اور عام شہریوں کا قتل کوئی فخر نہیں بلکہ سب سے بڑی رسوائی ہے۔ افغانستان زندہ باد۔
جمعہ کے روز پاکستان نے افغانستان کے صوبہ پکتیکا کے ارگون اور برمل اضلاع میں فضائی حملے کیے جو دونوں ممالک کے درمیان طے شدہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی تھی۔ ان حملوں میں شہری ہلاکتیں ہوئیں۔یہ حملے ایسے وقت ہوئے جب دونوں ملکوں کے درمیان اڑتالیس گھنٹے کی جنگ بندی پر اتفاق ہوا تھا تاکہ سرحدی جھڑپوں کو روکا جا سکے۔ بعد میں پاکستان نے دوحہ میں جاری مذاکرات کے دوران جنگ بندی میں توسیع کی درخواست کی تھی تاکہ سرحدی کشیدگی کو کم کیا جا سکے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا کہ طالبان حکومت کے ساتھ باہمی رضامندی سے اڑتالیس گھنٹے کے لیے عارضی جنگ بندی کی گئی ہے۔ دونوں فریق اس دوران مثبت اور تعمیری بات چیت کے ذریعے مسئلے کا پائیدار حل تلاش کرنے کی کوشش کریں گے۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی تصدیق کی کہ افغان فورسز کو جنگ بندی کی پابندی کی ہدایت دی گئی ہے جب تک کوئی جارحیت نہ ہو۔