ڈھاکہ۔ بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ نے پیر کو بتایا کہ سعودی عرب کے ریاض کے موسیٰ صنعتی علاقے میں صوفہ فیکٹری میں آگ لگنے سے کم از کم 16 بنگلہ دیشی شہری ہلاک ہوگئے۔ وزارت نے اس واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اتوار کو پیش آنے والے اس واقعے پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ وزارت نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو اس مشکل وقت میں مکمل تعاون اور یکجہتی کی یقین دہانی کرائی۔
بیان میں کہا گیا کہ وزیر خارجہ اور وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے ریاض میں صوفہ فیکٹری میں آتشزدگی کے نتیجے میں 16 بنگلہ دیشی شہریوں کی المناک موت پر گہرے دکھ اور دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔وزارت نے کہا کہ حکام نے جاں بحق بنگلہ دیشی شہریوں کے اہل خانہ سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور انہیں اس ناقابل تلافی نقصان اور غم کے وقت ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزارت کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریاض میں بنگلہ دیشی سفارتخانے کے اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ وہ سعودی حکام کے ساتھ مل کر متاثرین کی شناخت اور لاشوں سے متعلق ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ریاض میں بنگلہ دیشی سفارتخانے نے بھی کہا کہ وہ واقعے کے بارے میں تفصیلی معلومات جمع کر رہا ہے اور متاثرہ افراد کو ضروری مدد فراہم کر رہا ہے۔
سفارتخانے نے فیس بک پر جاری بیان میں کہا کہ ریاض کے موسیٰ صنعتی علاقے میں پیش آنے والی المناک آتشزدگی کے بعد تارک وطن بنگلہ دیشیوں کے جانی نقصان پر اسے گہرا افسوس ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سفارتخانے کا ایک وفد فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچا اور تفصیلی معلومات جمع کرنا شروع کیں۔سفارتخانے نے کہا کہ حکومت کی اعلیٰ سطحی ہدایات کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت کی تصدیق۔ قانونی کارروائی مکمل کرنے اور متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے سمیت تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ نے کہا کہ وہ صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے اور ضروری امداد فراہم کر رہی ہے۔ وزارت کے مطابق سفارتخانہ جاں بحق افراد کی شناخت اور دیگر قانونی کارروائی مکمل کرنے کے لیے متعلقہ سعودی حکام کے ساتھ بھی رابطے میں ہے۔