ڈھاکہ
بنگلہ دیش کی جماعتِ اسلامی کے امیر اور بنگلہ دیشی پارلیمان میں قائدِ حزبِ اختلاف شفیق الرحمان نے بدھ کے روز کہا کہ بنگلہ دیش، ہندوستان کے ساتھ اعتماد، برابری اور باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات برقرار رکھنا چاہتا ہے۔ تاہم، انہوں نے زور دے کر کہا کہ تیستا ماسٹر پلان سمیت ڈھاکہ کے اندرونی منصوبے بنگلہ دیش کا خودمختار معاملہ ہیں۔
شفیق الرحمان نے ڈھاکہ میں بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کی عمارت میں منعقدہ ایک تبادلۂ خیال اجلاس کے بعد اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان ہمارا قریبی ترین پڑوسی ہے۔ ہم ہمیشہ اپنے پڑوسیوں کا احترام کرتے ہیں، صرف ہندوستان ہی نہیں بلکہ تمام ہمسایہ ممالک کا۔ اسی طرح ہم بھی ان سے باہمی احترام کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش، ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو باہمی اعتماد، مساوات اور احترام کی بنیاد پر آگے بڑھانا چاہتا ہے۔ان کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب بنگلہ دیش، تیستا دریا کے انتظام و انصرام کے لیے تیستا ماسٹر پلان پر پیش رفت کی توقع کر رہا ہے۔ یہ دریا ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مشترک ہے۔ اس منصوبے نے اس وقت زیادہ توجہ حاصل کی جب بنگلہ دیش نے وزیراعظم طارق الرحمان کے حالیہ دورۂ بیجنگ کے بعد چین کے ساتھ ممکنہ تعاون پر تبادلۂ خیال کیا۔
تیستا منصوبے کو بنگلہ دیش کا داخلی معاملہ قرار دیتے ہوئے شفیق الرحمان نے کہا کہ ان کا ملک اپنے قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے اس منصوبے پر آگے بڑھے گا۔انہوں نے کہا کہ تیستا منصوبہ ہمارا اپنا معاملہ ہے۔ ہمیں وہی کرنا ہوگا جو بنگلہ دیش کے لیے بہتر ہو۔ امید ہے کہ ہمارے تمام دوست ہماری ترقی پر خوش ہوں گے۔
جماعتِ اسلامی کے سربراہ نے اس منصوبے کو شمالی بنگلہ دیش کے عوام کے لیے انتہائی ضروری قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ ہم سب چاہتے ہیں کہ تیستا ماسٹر پلان نافذ ہو۔ تقریباً ڈھائی کروڑ لوگ اس مسئلے سے متاثر ہیں۔ جو لوگ اس علاقے میں رہتے ہیں، وہ اس تکلیف کو مجھ سے بہتر سمجھتے ہیں۔ میں دو سے تین مرتبہ وہاں جا چکا ہوں اور وہاں کے حالات دیکھ کر میری آنکھوں میں آنسو آ گئے تھے۔
اپنی جماعت کے مؤقف کو دہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر ہمارا موقف نہایت مثبت اور مضبوط ہے۔ ہم اپنی قوم کے مفاد میں اس منصوبے کو نافذ کریں گے۔ ہمارے دوست اس پر خوش ہوں گے، افسوس کی کوئی وجہ نہیں ہونی چاہیے۔ اگر کوئی ناراض ہوتا ہے تو ہم راجشاہی کے آم بھیج کر اسے خوش کرنے کی کوشش کریں گے۔
بنگلہ دیشی فوج کی جانب سے چار نئی شاہراہوں کے نام خلفائے راشدین کے نام پر رکھنے کے فیصلے پر ہونے والے ردِعمل کا حوالہ دیتے ہوئے شفیق الرحمان نے کہا کہ یہ مکمل طور پر بنگلہ دیش کا اندرونی معاملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں میں نے دیکھا کہ ہماری فوج نے چار نئی شاہراہوں کے نام خلفائے راشدین کے نام پر رکھے ہیں۔ میں نے سنا کہ ایک دوسرے ملک کے لوگوں نے اس پر ردِعمل ظاہر کیا ہے۔ لیکن ہم اپنی بریگیڈز یا دیگر اداروں کے نام کیا رکھتے ہیں، یہ مکمل طور پر ہمارا معاملہ ہے۔ انہیں اس پر ناراض ہونے کی کیا ضرورت ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے اداروں کو کیا نام دیتے ہیں یا نہیں دیتے، یہ ہمارا اپنا فیصلہ ہے۔ دوسروں کو اس پر اعتراض کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔شفیق الرحمان نے کہا کہ ممالک کو ایک دوسرے کے داخلی معاملات میں مداخلت سے گریز کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ کوئی بھی ملک دوسرے ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت یا بے جا دخل اندازی نہیں کرے گا۔
ہر ملک کے لیے آزاد خارجہ پالیسی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صرف بنگلہ دیش ہی نہیں بلکہ ہر ملک کو آزاد خارجہ پالیسی اختیار کرنی چاہیے۔ ہم اپنے پڑوسیوں کو احترام کی نظر سے دیکھتے ہیں اور آئندہ بھی ایسا کرتے رہیں گے، اور ہم بھی ان سے اسی احترام کے مستحق ہیں۔
واضح رہے کہ تیستا دریا، جو ہندوستان اور بنگلہ دیش سے گزرتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان طویل عرصے سے آبی وسائل کی تقسیم اور دریا کے انتظام سے متعلق مذاکرات کا اہم موضوع رہا ہے۔اپریل میں وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے اس معاملے پر ہندوستان کے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ تیستا سمیت دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ دریاؤں سے متعلق مسائل پر "منظم دوطرفہ نظام" کے تحت باقاعدگی سے بات چیت ہوتی رہتی ہے۔
انہوں نے پریس بریفنگ کے دوران کہا تھا کہ تیستا کے حوالے سے، ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 54 مشترکہ دریا ہیں۔ پانی سے متعلق تمام معاملات پر تبادلۂ خیال کے لیے ہمارے پاس منظم دوطرفہ نظام موجود ہے، اور ان کے تحت باقاعدہ اجلاس منعقد ہوتے رہتے ہیں۔