ڈھاکہ: بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر محمد یونس نے منگل کے روز اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر سے 12 فروری کو ہونے والے انتخابات کے خلاف پھیلنے والی غلط معلومات کے تدارک کے لیے تعاون طلب کیا ہے۔
حکومتِ بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر کے ایکس اکاؤنٹ کے مطابق انتخابات کے حوالے سے غلط معلومات کا سیلاب آیا ہوا ہے۔
محمد یونس نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران کہا کہ انتخابات کے بارے میں بے شمار غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں جو غیر ملکی ذرائع ابلاغ اور مقامی ذرائع دونوں سے آ رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کو جعلی خبروں افواہوں اور قیاس آرائیوں سے بھر دیا گیا ہے اور اس کے انتخابات پر ممکنہ اثرات کے بارے میں ہمیں شدید تشویش ہے۔
وولکر ترک نے کہا کہ وہ اس مسئلے سے آگاہ ہیں اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کی جانب سے اس بڑھتے ہوئے چیلنج سے نمٹنے کے لیے مکمل تعاون کی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ غلط معلومات بہت زیادہ ہیں اور ہم اس کے تدارک کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔ ان کے مطابق اقوام متحدہ کا ادارہ اس معاملے میں بنگلہ دیش کے ساتھ قریبی تعاون کرے گا۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے آئندہ ریفرنڈم ادارہ جاتی اصلاحات کی اہمیت جبری گمشدگیوں سے متعلق کمیشن کے کام قومی انسانی حقوق کمیشن کے قیام اور عالمی جغرافیائی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وولکر ترک نے زور دیا کہ ایک مکمل طور پر خود مختار قومی انسانی حقوق کمیشن کا قیام ناگزیر ہے تاکہ جبری گمشدگیوں سے متعلق امور کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔
اس کے جواب میں محمد یونس نے کہا کہ قومی انسانی حقوق کمیشن سے متعلق آرڈیننس پہلے ہی نافذ کیا جا چکا ہے اور 12 فروری کے انتخابات سے قبل ایک نئی کمیشن کی تشکیل عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے جانے سے پہلے یہ عمل مکمل کریں گے۔ چیف ایڈوائزر نے مزید بتایا کہ انہوں نے جبری گمشدگی کمیشن کی حتمی رپورٹ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے ساتھ شیئر کر دی ہے۔ ان کے مطابق یہ ایک نہایت اہم دستاویز ہے جو 2009 سے 2024 کے آمرانہ دور میں جبری گمشدگیوں کا شکار ہونے والے افراد کے لیے جواب دہی اور انصاف کے قیام میں اہم کردار ادا کرے گی۔