ڈھاکہ: 12 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد نئی حکومت کے قیام کے بعد سے اب تک کی سب سے بڑی منظم حکومت مخالف احتجاجی سرگرمی کے طور پر بنگلہ دیش میں 11 جماعتوں پر مشتمل اپوزیشن اتحاد نے ہفتہ کو 246 کلومیٹر طویل موٹر مارچ شروع کردیا۔تقریباً 1000 گاڑیوں پر مشتمل یہ قافلہ صبح 8 بجے کے قریب ڈھاکہ کے موتی جھیل میں واقع شاپلا چتر سے روانہ ہوا۔ مارچ کا اختتام چٹگرام کے تاریخی لال دگھی میدان میں ایک بڑے عوامی جلسے پر ہوگا۔
اس موٹر مارچ کا باقاعدہ افتتاح جماعت اسلامی کے امیر شفیق الرحمن نے 11 جماعتی اپوزیشن اتحاد کے اہم رہنماؤں کے ہمراہ کیا۔ اس اتحاد میں نیشنل سٹیزن پارٹی اور امر بنگلہ دیش پارٹی سمیت دیگر جماعتیں شامل ہیں۔ نیشنل سٹیزن پارٹی حالیہ طلبہ کی قیادت میں ہونے والی تحریکوں کے نتیجے میں وجود میں آنے والی ایک اہم سیاسی جماعت ہے۔ریلی کے دوران اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے امر بنگلہ دیش پارٹی کے چیئرمین مجیب الرحمن بھوئیاں منجو نے واضح کیا کہ اس تحریک کا مقصد حکومت کا تختہ الٹنا نہیں ہے بلکہ ملک کے اہم داخلی مسائل پر فوری کارروائی کا مطالبہ کرنا ہے۔
مظاہرین نے 6 نکاتی مطالبات پیش کیے ہیں جو عوام کی روزمرہ زندگی سے متعلق تقریباً تمام اہم شعبوں کا احاطہ کرتے ہیں۔ ان مطالبات میں سب سے نمایاں مطالبہ گنو ووٹ یعنی عوامی ریفرنڈم کا ہے تاکہ طویل عرصے سے زیر التوا آئینی اور سیاسی اصلاحات کو آگے بڑھایا جا سکے اور عوام کو ملک کے مستقبل کے بارے میں براہ راست اپنی رائے دینے کا موقع ملے۔
اس کے ساتھ جولائی قرارداد پر عمل درآمد کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ اس قرارداد کے ذریعے گزشتہ سال طلبہ کی قیادت میں چلنے والی جولائی تحریک کے دوران کیے گئے سیاسی وعدوں اور انصاف سے متعلق اقدامات کو عملی شکل دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔سیاسی مطالبات کے علاوہ اپوزیشن نے ملک میں گہرے ہوتے معاشی اور وسائل کے بحران پر بھی تشویش ظاہر کی ہے۔ بجلی اور قدرتی گیس کی شدید قلت نے گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ کاروباری سرگرمیوں کو بھی متاثر کیا ہے۔
مظاہرین نے شہروں اور دیہی علاقوں میں بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں عوام کے تحفظ اور سلامتی سے متعلق خدشات بڑھ رہے ہیں۔اپوزیشن اتحاد نے عوامی حقوق اور بہتر حکمرانی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ اس میں انتظامی شفافیت اور عدالتی انصاف کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے تاکہ ریاست اور شہریوں کے درمیان اعتماد بحال ہوسکے۔
امر بنگلہ دیش پارٹی کے چیئرمین مجیب الرحمن بھوئیاں منجو نے کہا کہ ہم نے 6 نکاتی مطالبات کے ساتھ اپنا طویل مارچ شروع کیا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ حکومت ہمارے انتہائی معقول مطالبات پر غور کرے گی اور عوام متحد ہوکر ہمارے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ گنو ووٹ پر عمل درآمد کے بعد جولائی قرارداد پر عمل درآمد اور پھر بجلی اور گیس کے بحران اور امن و امان کی صورتحال کا حل ان کے اہم مطالبات ہیں۔ ان کے مطابق ان کی جدوجہد صرف انصاف اور عوامی حقوق کے لیے ہے اور بالآخر عوام کے حقوق کی فتح ہوگی۔
بنگلہ دیشی اخبار بی ڈی نیوز 24 کے مطابق جماعت اسلامی کے امیر اور اتحاد کے سب سے اہم رہنما شفیق الرحمن نے 6 اگست کو ڈھاکہ کے مکتانگن میں دھرنے کے دوران طویل مارچ اور بڑے عوامی جلسوں کے پروگرام کا اعلان کیا تھا۔
اخبار کے مطابق اعلان کردہ پروگرام کے تحت اپوزیشن اتحاد 19 ستمبر کو ڈھاکہ سے رنگپور تک طویل مارچ کرے گا جبکہ 10 اکتوبر کو ڈھاکہ سے کھلنا تک مارچ کیا جائے گا۔ 24 اکتوبر کو سلہٹ کے لیے ٹرین مارچ کا پروگرام ہے۔ اس کے علاوہ 14 نومبر کو ڈھاکہ میں ایک بڑے عوامی جلسے کا انعقاد کیا جائے گا۔