واشنگٹن ڈی سی [امریکہ]، 27 اگست (اے این آئی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے رواں سال کے اوائل میں ہندوستاناور پاکستان کے درمیان ممکنہ ایٹمی جنگ کو روکنے میں براہِ راست کردار ادا کیا۔وائٹ ہاؤس میں کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے ہندوستانی وزیرِاعظم نریندر مودی سے بات کی اور پاکستان کو متنبہ کیا کہ اگر دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی جاری رہی تو امریکہ تجارتی معاہدے روک دے گا اور بھاری محصولات عائد کرے گا۔ٹرمپ کے مطابق، "میں نے کہا، تم ایٹمی جنگ کی طرف بڑھ رہے ہو۔ اگر یہ بند نہ ہوا تو تمہارے ساتھ کوئی تجارتی معاہدہ نہیں ہوگا، بلکہ ایسے ٹیرف لگاؤں گا کہ تمہارے ہوش اڑ جائیں گے۔ پانچ گھنٹے کے اندر سب کچھ ختم ہوگیا۔"
انہوں نے مزید کہا کہ اس دوران ہندوستاناور پاکستان کے درمیان فضائی جھڑپ میں کم از کم سات لڑاکا طیارے گرائے گئے، جسے انہوں نے خطرناک صورتحال قرار دیا۔صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے بڑے بڑے جنگی تنازعات روکے ہیں، اور ایک بڑی جنگ ہندوستاناور پاکستان کے درمیان ہونے والی تھی جو ایٹمی تصادم میں بدل سکتی تھی۔"یہ پہلا موقع نہیں کہ ٹرمپ نے اس قسم کا دعویٰ کیا ہے۔ اس سے قبل جولائی میں بھی انہوں نے کہا تھا کہ پہلگام دہشت گرد حملے کے بعد ہندوستاناور پاکستان ایٹمی جنگ کے قریب پہنچ گئے تھے لیکن ان کی مداخلت سے صورتحال قابو میں آئی۔
واضح رہے کہ وائٹ ہاؤس نے بھی پیر کو ایک بیان میں کہا تھا کہ صدر ٹرمپ کی مداخلت سے ہندوستاناور پاکستان کے درمیان "سیز فائر"ممکن ہوا، جو آپریشن سندور کے بعد عمل میں آیا تھا۔تاہم، ہندوستاننے ہمیشہ کسی تیسرے فریق کی ثالثی کی تردید کی ہے۔ بھارتی حکام کے مطابق، پاکستان کے ڈی جی ایم او نے براہِ راست بھارتی ہم منصب سے رابطہ کیا اور 10 مئی کو جنگ بندی پر اتفاق ہوا۔
ادھر، امریکہ نے جون میں دی ریزسٹنس فرنٹ(TRF)کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا، جس نے پہلگام حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ اس حملے میں 26 شہری جاں بحق ہوئے تھے۔ بھارتی وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر نے امریکی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ بھارت-امریکہ انسدادِ دہشت گردی تعاون کا مضبوط اظہار ہے۔