جماعت اسلامی بنگلہ دیش نے ماضی کی غلطیوں کے لئے معافی مانگی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 04-11-2025
جماعت اسلامی بنگلہ دیش نے ماضی کی غلطیوں کے لئے معافی مانگی
جماعت اسلامی بنگلہ دیش نے ماضی کی غلطیوں کے لئے معافی مانگی

 



ڈھاکہ [بنگلہ دیش]: بنگلہ دیش جماعتِ اسلامی کے امیر شفیق الرحمٰن نے قومی انتخابات (فروری 2025) سے قبل پارٹی کی "ماضی کی غلطیوں" پر بلا مشروط معافی مانگ لی ہے۔ یہ بات دی ڈپلومیٹ (The Diplomat) کی ایک رپورٹ میں کہی گئی۔ 22 اکتوبر کو نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شفیق الرحمٰن نے کہا: "1947 سے آج (22 اکتوبر) تک، جس کسی نے بھی ہماری وجہ سے تکلیف اٹھائی، ہم ان سے بلا مشروط معافی کے خواستگار ہیں۔

" تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ معافی غیر واضح اور غیر مخلص ہے، کیونکہ اس میں جماعت اسلامی کی 1971 کی جنگِ آزادی کے دوران کیے گئے قتل عام اور مظالم میں شمولیت کا کوئی براہِ راست اعتراف نہیں کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق، معافی میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ پارٹی کس عمل پر نادم ہے، جس کی وجہ سے اس کی سچائی پر شبہات پیدا ہو گئے ہیں۔

شفیق الرحمٰن نے کہا: "1947 سے 2025 تک، اگر کسی غیر متعین دن کوئی غیر متعین جرم ہوا ہو تو یہ معافی اسی کے لیے تھی۔" اسی تقریب میں اپنے بیان کو دہراتے ہوئے انہوں نے کہا: "1947 سے لے کر آج، یعنی 22 اکتوبر 2025، نیویارک کا وقت رات 8:11 بجے جس کسی کو بھی ہماری وجہ سے تکلیف پہنچی، ہم نے ان سب سے بلا شرط معافی مانگی ہے۔"

(دی ڈیلی اسٹار کے مطابق) قابلِ ذکر ہے کہ 1971 کی آزادی کی جنگ کے دوران جماعتِ اسلامی نے پاکستان کے ساتھ تعاون کیا تھا، اور اس کے رہنما جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث تھے۔ رپورٹس کے مطابق البدر، الاشمس اور رضاکار نامی ملیشیائیں پاکستانی فوج کے ساتھ تھیں، جنہوں نے آزادی کے متوالوں، دانشوروں، عورتوں اور عام شہریوں کو بے دردی سے قتل کیا — اور یہ گروہ جماعتِ اسلامی نے تشکیل دیے تھے۔

شفیق الرحمٰن نے تسلیم کیا کہ لوگوں نے طویل عرصے سے جماعت سے اعترافِ جرم کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا: "بعض لوگوں نے کہا کہ چاہے آپ نے کوئی مخصوص جرم نہ بھی کیا ہو، آپ کا سیاسی فیصلہ غلط تھا۔ کم از کم آپ معافی تو مانگ سکتے تھے۔" انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جماعت کے رہنما پہلے بھی معافی مانگ چکے ہیں: "ہم نے کم از کم تین بار معافی مانگی۔

پروفیسر غلام اعظم نے معافی مانگی، مولانا مطیع الرحمٰن نے معافی مانگی، اور میں نے خود بھی معافی مانگی۔" تجزیہ کاروں کے مطابق، جماعت اسلامی کا یہ اقدام سیاسی بحالی کی ایک حکمتِ عملی بھی ہو سکتا ہے تاکہ آئندہ انتخابات سے قبل عوامی حمایت حاصل کی جا سکے۔

پارٹی رہنما اے ٹی ایم اظہر الاسلام کی حالیہ رہائی کا حوالہ دیتے ہوئے شفیق الرحمٰن نے کہا: "نہ صرف 1971 بلکہ 1947 سے اگر کسی کو جماعتِ اسلامی کی وجہ سے نقصان یا تکلیف پہنچی ہو، تو میں بطور سربراہ اور ہر رکن کی جانب سے بلا شرط معافی مانگتا ہوں۔ ہمیں معاف کر دیجیے۔" انہوں نے مزید کہا: "کوئی بھی سیاسی جماعت غلطیوں سے مبرا نہیں ہوتی۔ سو فیصلوں میں سے ننانوے درست ہو سکتے ہیں، لیکن ایک غلط فیصلہ قوم کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ اگر میرے کسی فیصلے سے نقصان ہوا تو معافی مانگنے میں کیا برائی ہے؟"

تنقید کے جواب میں ان کا کہنا تھا: "کچھ لوگ کہنے لگے کہ معافی کے الفاظ ایسے نہیں ہونے چاہییں تھے، ویسے ہونے چاہییں تھے۔ میں نے تو بلا شرط معافی مانگی، اب باقی کیا رہ گیا؟" انہوں نے کہا کہ نہ وہ خود اور نہ ہی ان کے پیش روؤں نے کبھی یہ دعویٰ کیا کہ وہ غلطیوں سے پاک ہیں: "اگر کوئی جماعت یہ دعویٰ کرے کہ وہ غلطیوں سے پاک ہے، تو قوم اسے مسترد کر دے گی۔ پھر ہماری بات کیوں قبول کی جائے؟"

اپنے بیان کا دفاع کرتے ہوئے انہوں نے کہا: "جو غلطیاں ہم سے ہوئیں — چاہے دانستہ یا نادانستہ — ہم ان لوگوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیں درست کیا، اور جنہیں نقصان پہنچا، ان سے ہم نے معافی مانگی۔ اس سے زیادہ کیا کہا جا سکتا تھا؟ یہ بالکل واضح اور صاف بات تھی۔"

جب ایک سامع نے تجویز دی کہ معافی کو صرف 1971 تک محدود رکھا جائے، تو شفیق الرحمٰن نے جواب دیا: "کیا ہم سے صرف 1971 میں غلطیاں ہوئیں؟ دوسرے وقتوں میں نہیں؟ اور جنہوں نے ہمیں معافی مانگنے کا کہا، کیا وہ فرشتے تھے؟ ہم نے دوسروں کے خلاف بات اس لیے نہیں کی کہ جتنا ہم ماضی کریدتے، قوم اتنی ہی تقسیم ہوتی۔"

یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ آج بھی بنگلہ دیش میں لاکھوں خاندان 1971 کی جنگ کے زخم لیے ہوئے ہیں، جس میں لاکھوں افراد ہلاک ہوئے تھے۔ یاد رہے کہ شیخ حسینہ کے دورِ حکومت (2009–2024) میں جماعتِ اسلامی کے کئی سرکردہ رہنماؤں کو جنگی جرائم کے الزام میں سزائے موت دی گئی، اور ہائی کورٹ نے جماعت کی رجسٹریشن منسوخ کر دی تھی۔ حکومت کے آخری دنوں میں پارٹی پر باقاعدہ پابندی عائد کر دی گئی تھی۔

تاہم، 5 اگست 2024 کو شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد یہ پابندی ہٹا دی گئی، جس کے بعد جماعتِ اسلامی نے دوبارہ اپنی سیاسی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں — جن میں طلبہ یونین انتخابات میں حصہ لینا اور اسلامی جماعتوں کے ساتھ اتحاد بنانا شامل ہے۔