یونیورسٹی یونین الیکشن میں بنگلہ دیش اسلامی چھاترو شِبِر کی کامیابی، سیکولر حلقے فکرمندڈھاکا [بنگلہ دیش]: بنگلہ دیش کے سینئر کمیونسٹ رہنما مجاہد الاسلام سلیم نے کہا ہے کہ ڈھاکا یونیورسٹی سینٹرل اسٹوڈنٹس یونین (DUCSU) کے انتخابات میں جماعتِ اسلامی کی طلبہ تنظیم، بنگلہ دیش اسلامی چھاترو شِبِر کی کامیابی آئندہ قومی انتخابات کی ایک ڈریس ریہرسل ہے۔
انہوں نے کہا: ’’یہ آنے والے قومی انتخابات کی ڈریس ریہرسل ہے۔ جماعتِ اسلامی کے لیے یہ ایک ڈریس ریہرسل ہو سکتی ہے لیکن جماعت مخالف تمام جمہوری قوتوں کے لیے، جن میں مذہبی سوچ رکھنے والی تنظیمیں، افراد اور بنگلہ دیش کے عام لوگ شامل ہیں، یہ ایک ریڈ سگنل ہے کہ وہ ہوشیار ہو جائیں اور اس سیاہ اور خطرناک قوت کو ملک کی اقتدار پر قبضہ کرنے سے روکنے کے لیے تیار رہیں۔‘‘
سلیم، جو کہ کمیونسٹ پارٹی آف بنگلہ دیش (CPB) کے سابق صدر ہیں، نے اے این آئی کو ایک انٹرویو میں یہ بات کہی۔ سلیم نے الزام لگایا کہ جماعت کا پاکستان سے تعلق ہے اور وہ ان کے منصوبوں کا آلہ کار ہے۔ انہوں نے کہا: ’’جماعتِ اسلامی ایک بین الاقوامی تحریک ہے۔ اس کا مشرقِ وسطیٰ سے تعلق ہے، امریکہ سے تعلق ہے اور ظاہر ہے کہ پاکستان سے بھی۔ کیونکہ میں 1971 کی جنگِ آزادی بنگلہ دیش میں (پاکستان کے خلاف) گوریلا کمانڈر تھا۔
جنگ میں ہمیشہ کہا جاتا ہے، فتح کی کوشش کرو۔ لیکن اگر شکست ہو تو ایک متبادل منصوبہ ہونا چاہیے۔ پاکستان نے 16 دسمبر 1971 کے فوراً بعد ہی اس متبادل پالیسی پر عمل شروع کر دیا تھا۔‘‘ سینئر کمیونسٹ رہنما نے مزید خبردار کیا کہ جماعت کی جیت عوام کے لیے ایک ریڈ سگنل ہے۔
انہوں نے کہا: ’’میں سب سے کہوں گا کہ پُراعتماد رہیں، یہ جماعت کے لیے ڈریس ریہرسل ہو سکتی ہے لیکن ہمارے لیے یہ ایک ریڈ سگنل ہے۔ ہم وہ لوگ ہیں جنہوں نے آزادی کی جنگ لڑی، ہم اس سیاہ اور ظالمانہ قوت کا مقابلہ کریں گے جس نے بنگلہ دیش کے 30 لاکھ لوگوں کو قتل کیا، ہماری ماؤں اور بہنوں کی عصمت دری کی۔ بنگلہ دیش کے عوام انہیں کبھی معاف نہیں کریں گے۔‘‘
سلیم، جو DUCSU کے سابق نائب صدر بھی رہ چکے ہیں، نے کہا کہ مدارس (دینی مدارس) کے طلبہ کو ڈھاکا یونیورسٹی میں داخلے کی اجازت دینے سے انتخابات میں ان کے داخل ہونے کا راستہ ہموار ہوا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ عبوری حکومت نے بھی DUCSU کے انتخابات میں جماعت کی کامیابی میں مدد کی۔
یاد رہے کہ اگست 2024 میں سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کو طلبہ کی قیادت میں ہونے والی بغاوت کے نتیجے میں اقتدار سے ہٹا دیا گیا تھا۔ انہوں نے ہندوستان میں پناہ لی، اور نوبل انعام یافتہ محمد یونس کی قیادت میں ایک عبوری حکومت تشکیل دی گئی۔