ڈھاکہ :قومی پارلیمانی انتخابات کی ووٹوں کی گنتی کے دوران بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی بی این پی کی قیادت میں اتحاد نے واضح برتری حاصل کر لی ہے اور اب تک 212 حلقوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ غیر سرکاری نتائج کے مطابق جماعت اسلامی کی قیادت میں اتحاد نے 70 نشستیں جیتی ہیں جبکہ آزاد امیدواروں اور دیگر جماعتوں کے حصے میں تقریباً 6 نشستیں آئی ہیں۔
اگرچہ ووٹوں کی گنتی کا عمل ابھی جاری ہے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے سرکاری نتائج کا اعلان ہونا باقی ہے تاہم ابتدائی اعداد و شمار ملک کی سیاست میں بڑی تبدیلی کی نشاندہی کر رہے ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ بی این پی اتحاد حکومت بنانے کے لیے درکار سادہ اکثریت حاصل کر لے گا۔
بی این پی کے چیئرمین طارق رحمان نے اپنی والدہ اور سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا کے انتقال کے احترام میں جشن مؤخر کرنے کی اپیل کی ہے اور جمعہ کی نماز کے بعد ان کے لیے خصوصی دعا کی درخواست کی ہے۔
غیر سرکاری نتائج کے مطابق طارق رحمان کو بوگورا 6 سدار حلقے سے فیصلہ کن برتری کے ساتھ کامیاب قرار دیا گیا ہے۔ ضلع ریٹرننگ آفیسر اور ڈپٹی کمشنر محمد توفیق الرحمٰن کے دفتر کے مطابق 151 میں سے 150 پولنگ مراکز کی گنتی مکمل ہو چکی ہے جن میں پوسٹل بیلٹ بھی شامل ہیں۔
بنگلہ دیش الیکشن کمیشن کی جانب سے باضابطہ نتائج کا اعلان متوقع ہے۔ یہ انتخابات ایسے وقت میں منعقد ہوئے جب ملک سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا کے انتقال اور ان کی حریف شیخ حسینہ کی جماعت عوامی لیگ پر پابندی کے بعد ایک نئے سیاسی دور میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔