بنگلہ دیش شدید معاشی بحران کا شکار۔ عوام شیخ حسینہ کی واپسی چاہتے ہیں۔ بنگلہ دیش ہیومن رائٹس واچ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 06-08-2026
بنگلہ دیش شدید معاشی بحران کا شکار۔ عوام شیخ حسینہ کی واپسی چاہتے ہیں۔ بنگلہ دیش ہیومن رائٹس واچ
بنگلہ دیش شدید معاشی بحران کا شکار۔ عوام شیخ حسینہ کی واپسی چاہتے ہیں۔ بنگلہ دیش ہیومن رائٹس واچ

 



نئی دہلی: بنگلہ دیش ہیومن رائٹس واچ کے سیکریٹری جنرل محمد علی صدیقی نے دعویٰ کیا ہے کہ موجودہ حکومت کے دور میں بنگلہ دیش شدید معاشی بحران سے گزر رہا ہے اور ملک کی ایک بڑی تعداد سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی واپسی کی خواہش رکھتی ہے۔شیخ حسینہ کے ایک ورچوئل خطاب کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے محمد علی صدیقی نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نے دسمبر تک ہر حال میں بنگلہ دیش واپس جانے کے اپنے عزم کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس تقریب میں شرکت کے لیے آئے تھے جہاں شیخ حسینہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ دسمبر میں وطن واپس جائیں گی۔ ان کے بقول لاکھوں حامی ان کے استقبال کے منتظر ہیں اور ملک میں جاری مظالم قتل و غارت عصمت دری لوٹ مار اور تشدد کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔محمد علی صدیقی نے الزام لگایا کہ بنگلہ دیش کی معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے اور مجموعی قومی پیداوار کی شرح نمو نمایاں طور پر کم ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کی معیشت تباہ ہو چکی ہے۔ مجموعی قومی پیداوار کی شرح نمو صرف 2.2 فیصد رہ گئی ہے جبکہ پہلے یہ مسلسل 6.5 فیصد یا اس سے زیادہ تھی۔ بیرونی سرمایہ کاری تقریباً رک گئی ہے۔ نئی ملازمتیں پیدا نہیں ہو رہیں اور خصوصاً ملبوسات کی صنعت میں لاکھوں افراد روزگار سے محروم ہو گئے ہیں۔ ان کے مطابق 30 لاکھ سے زیادہ افراد بالخصوص خواتین اپنی ملازمتیں کھو چکی ہیں جو ملک کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ بنگلہ دیش کے عوام موجودہ حکومت کا موازنہ شیخ حسینہ کی سابق حکومت سے کر رہے ہیں اور ان میں سے بہت سے لوگ چاہتے ہیں کہ شیخ حسینہ واپس آ کر ملک کی قیادت سنبھالیں۔یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ نے نئی دہلی سے بنگلہ دیش چھوڑنے کے بعد پہلی مرتبہ ورچوئل پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ گرفتاری قید یا جان کے خطرات کے باوجود دسمبر میں بنگلہ دیش واپس جانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

شیخ حسینہ نے کہا کہ وہ دسمبر میں وطن واپس جانا چاہتی ہیں اور خوف انہیں عوام کے لیے اپنی ذمہ داری ادا کرنے سے نہیں روک سکتا۔اپنے خطاب میں انہوں نے عوامی لیگ پر عائد پابندی ختم کرنے پارٹی کے گرفتار رہنماؤں کی رہائی اور جماعت کے کارکنوں کے خلاف درج مقدمات واپس لینے کا بھی مطالبہ کیا۔دوسری جانب ہندوستان کی وزارت خارجہ نے اس تقریب سے خود کو الگ کرتے ہوئے واضح کیا کہ اس ورچوئل پریس کانفرنس سے حکومت ہند کا کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی حکومت اس فورم پر پیش کیے گئے خیالات کی تائید کرتی ہے۔