بنگلہ دیش :معزول سابق وزیرِاعظم شیخ حسینہ کو ’انسانیت کے خلاف جرائم‘ کے الزام میں موت کی سزا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 17-11-2025
بنگلہ دیش :معزول سابق وزیرِاعظم شیخ حسینہ کو ’انسانیت کے خلاف جرائم‘ کے الزام میں موت کی سزا
بنگلہ دیش :معزول سابق وزیرِاعظم شیخ حسینہ کو ’انسانیت کے خلاف جرائم‘ کے الزام میں موت کی سزا

 



 

ڈھاکہ: پیر کی دوپہر ایک بنگلہ دیشی عدالت نے معزول سابق وزیرِاعظم شیخ حسینہ کو 2024 کے جولائی–اگست میں ہونے والی طلبہ تحریک کے دوران انسانیت کے خلاف جرائم کا مرتکب قرار دے کر موت کی سزا سنادی۔ مقامی میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل–1 نے سنایا۔

عدالت نے کہا کہ حسینہ پر لگائے گئے تمام پانچوں الزامات ثابت ہوگئے۔ فیصلے میں یہ بھی بتایا گیا کہ حسینہ، سابق پولیس چیف چودھری عبداللہ المامون اور سابق وزیرِداخلہ اسدالزمان خان کمال نے جولائی–اگست تحریک کے دوران ہونے والے مظالم کو منظم کیا اور ان کی راہ ہموار کی۔

شیخ حسینہ اس وقت بھارت میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہی ہیں اور ٹرائل میں شریک نہیں ہوئیں، اس لیے کارروائی غیرحاضری میں چلائی گئی۔ وہ اگست 2024 میں حکومت گرنے کے بعد نئی دہلی چلی گئی تھیں۔

فیصلے میں عدالت نے کہا کہ:

  • حسینہ نے اشتعال انگیز حکم دیا اور روک تھام کے اقدامات نہ کر کے جرم کیا۔

  • انہوں نے ڈرون، ہیلی کاپٹر اور مہلک ہتھیار استعمال کرنے کا حکم دیا۔

  • اور جولائی–اگست مظاہروں کے دوران احتجاج کرنے والے طلبہ کو قتل کرنے کا حکم بھی دیا گیا تھا۔

فیصلہ جج غلام مرتضی نے سنایا، اور کارروائی براہِ راست سرکاری ٹی وی پر دکھائی گئی۔

سابق پولیس چیف المامون، جو واحد ملزم ہیں جو حراست میں تھے، عدالت لائے گئے۔ انہوں نے پہلے ہی اعترافِ جرم کیا اور ریاست کے گواہ بن گئے۔
باقی دو ملزم—حسینہ اور اسدالزمان—کو مفرور قرار دے کر غیرحاضری میں مقدمہ چلایا گیا۔

ٹریبونل نے 10 جولائی کو تینوں پر یہ الزامات عائد کیے تھے کہ انہوں نے جولائی تحریک کو دبانے کیلئے تقریباً 1400 افراد کو قتل کرانے کے احکامات دیے، یا اُن کارروائیوں کو ہونے دیا۔

حسینہ کو 5 اگست 2024 کو اقتدار سے ہٹایا گیا تھا اور وہ اسی دن ملک چھوڑ کر بھارت چلی گئی تھیں۔

استغاثہ کے سربراہ تاج الاسلام نے کہا تھا کہ وہ حسینہ اور اسدالزمان دونوں کے لیے سزائے موت ہی چاہتے ہیں، اور عدالت سے زیادہ سے زیادہ سزا کی درخواست کی گئی تھی۔

مرنے والوں کے لواحقین میں سے کئی لوگ عدالت میں موجود تھے اور سخت ترین سزا کا مطالبہ کر رہے تھے۔ فیصلے سے پہلے ڈھاکا میں سکیورٹی بہت بڑھا دی گئی تھی۔

اسی دوران حسینہ کی جماعت عوامی لیگ نے اتوار اور پیر کو مکمل ہڑتال کا اعلان کر رکھا تھا، اور ملک میں مختلف مقامات پر بم دھماکوں اور گاڑیوں کو آگ لگانے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔

حسینہ پر مجموعی طور پر پانچ بڑے الزامات ہیں، جن میں شامل ہے:

  • ڈھاکا میں مظاہرین پر فائرنگ کر کے بڑے پیمانے پر قتل

  • ڈرون اور ہیلی کاپٹر سے شہریوں پر حملے

  • طالبعلم ابو سعید کا قتل

  • آشو لیا میں لاشیں جلا کر ثبوت مٹانا

  • چندکھرپُل میں مظاہرین کو مارنے کی منظم کارروائی

مقدمے کا ریکارڈ تقریباً 8747 صفحات پر مشتمل ہے جس میں شواہد، گواہوں کے بیانات اور ہلاک شدگان کی تفصیلات شامل ہیں۔

استغاثہ کا کہنا ہے کہ حسینہ نے 14 جولائی کی ایک پریس کانفرنس میں سخت اور اشتعال انگیز باتیں کی تھیں، جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں اور حکومتی کارکنوں نے باقاعدہ منظم طریقے سے طلبہ پر حملے شروع کیے۔

ٹرائیبنول نے یہ بھی دیکھا کہ حسینہ، کمال اور مامون نے ان حملوں کو روکا یا سزا دینے کی کوشش کی یا نہیں—اور کیا وہ قتل، کوششِ قتل اور تشدد کو نظرانداز کرتے رہے۔

الزام ہے کہ یہ تینوں ہیلی کاپٹر، ڈرون اور زندہ گولیاں استعمال کرنے کے احکامات دیتے رہے، اور یہ سب اقدامات انسانیت کے خلاف جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔

ان پر ابو سعید کے قتل، چندکھرپُل میں چھ طلبہ کی ہلاکت اور آشو لیا میں لاشیں جلانے جیسے واقعات کی ذمہ داری بھی ڈالی گئی ہے۔

دفاع کے وکیل امیر حسین نے ان سب کو “جھوٹا اور من گھڑت” قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ قتل کا کوئی براہِ راست ثبوت موجود نہیں، اور اصل کارروائی کسی اور گروہ نے کی تھی