ڈھاکہ، 18 ستمبر (اے این آئی): بنگلہ دیش کے الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ اور ان کے اہل خانہ آئندہ سال فروری میں ہونے والے عام انتخابات میں ووٹ نہیں ڈال سکیں گے۔ مقامی اخبارات کے مطابق، ان سب کے نیشنل آئی ڈی کارڈ(NID) بلاک کر دیے گئے ہیں۔
سینئر سیکریٹری الیکشن کمیشن اختر احمد نے بدھ کو بتایا کہ آنے والے پارلیمانی انتخابات میں ملک کے اندر اور باہر دونوں جگہ سے ووٹنگ کی سہولت ہوگی۔ بیرون ملک مقیم بنگلہ دیشیوں کو آن لائن رجسٹریشن کرنا ہوگا، اور اس مقصد کے لیے نظام تیار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہبیرون ملک مقیم ووٹرز کو پاسپورٹ نہیں بلکہ اپنےNID نمبر کے ذریعے آن لائن رجسٹریشن کرانا ہوگا۔ جن کےNID بلاک ہیں وہ رجسٹریشن نہیں کر سکیں گے، جبکہ صرف وہی لوگ ووٹ ڈال سکیں گے جن کےNID فعال ہیں۔روزنامہ جُگانتَر کے مطابق، الیکشن کمیشن نے 16 فروری کو شیخ حسینہ اور ان کے خاندان کے 10 افراد کےNID بلاک کر دیے تھے۔
ان میں شیخ حسینہ کے بیٹے سجیب واجد جوی، بیٹی سعیمہ واجد پُتُل، بہن شیخ ریحانہ، بھانجیاں ٹیولپ رضوانہ صدیق اور عزمینہ صدیق، اور بھانجا رادوان مجیب صدیق شامل ہیں۔
جب شیخ حسینہ کے بیرون ملک سے ووٹ ڈالنے کے امکان کے بارے میں پوچھا گیا توEC کے سیکریٹری نے کہا:
"ان کاNID بلاک ہے، اس لیے وہ ووٹ نہیں ڈال سکیں گی۔یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ گزشتہ سال 5 اگست کو طلبہ کی قیادت میں ہونے والی بغاوت کے بعد ملک چھوڑ کر بھارت میں پناہ لے چکی ہیں۔
اس کے بعد نوبیل انعام یافتہ محمد یونس کی سربراہی میں ایک عبوری حکومت قائم کی گئی، جنہوں نے پہلے ہی اعلان کیا ہے کہ قومی انتخابات آئندہ سال فروری میں ہوں گے۔
گزشتہ ماہ چیف ایڈوائزر کے دفتر نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر کہا تھا کہ وہ تمام تیاریاں مکمل کرے تاکہ رمضان کے آغاز سے پہلے، فروری 2026 میں پارلیمانی انتخابات کرائے جا سکیں۔
چیف ایڈوائزر کے پرنسپل سیکریٹری ایم. سراج الدین میاں نے چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط میں کہا کہ ایسے اقدامات کیے جائیں تاکہ ملک میں شفاف، منصفانہ، پُرامن اور پُرجوش انتخابات یقینی بنائے جا سکیں۔