بلوچستان: سکیورٹی اقدامات سخت، بڑے پیمانے پر بازار اور سڑکیں بند

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 12-08-2026
بلوچستان: سکیورٹی اقدامات سخت، بڑے پیمانے پر بازار اور سڑکیں بند
بلوچستان: سکیورٹی اقدامات سخت، بڑے پیمانے پر بازار اور سڑکیں بند

 



بلوچستان:بلوچستان کے کئی اضلاع میں منگل کے روز بازار اور سڑکیں بند رہیں۔ سکیورٹی اقدامات میں اضافے کے باعث بس آپریٹرز نے 3 روز کے لیے سروس معطل کرنے کا اعلان کیا جبکہ ریلوے حکام نے ایک مسافر ٹرین کا روٹ مختصر کر دیا۔ یہ اطلاع دی بلوچستان پوسٹ نے دی ہے۔نوشکی میں مرکزی بازار کے ساتھ کئی اہم داخلی اور خارجی راستے بھی بند رہے جبکہ پاکستانی فورسز کی بڑی تعداد علاقے میں تعینات کی گئی۔ مقامی لوگوں نے صورتحال کو کرفیو جیسا قرار دیتے ہوئے کہا کہ پابندیوں کے باعث بیشتر لوگ اپنے گھروں تک محدود ہو گئے ہیں۔

پنجگور میں دکانداروں نے بتایا کہ پاکستانی فورسز نے انہیں بازاروں میں داخل ہونے سے روک دیا جس کے نتیجے میں چتکان بازار سمیت دیگر تجارتی مراکز بند ہو گئے۔ کئی سڑکیں بھی بند کیے جانے کی اطلاعات ہیں جس سے تجارتی سرگرمیاں مکمل طور پر رک گئیں۔کوئٹہ کی کئی اہم سڑکیں بھی ٹرکوں اور کنٹینروں کے ذریعے بند کر دی گئیں۔ اطلاعات کے مطابق اسپنی روڈ۔ چمن پھاٹک۔ جوائنٹ روڈ۔ زرغون روڈ۔ ریڈ زون کی جانب جانے والی سڑکوں اور دیگر اہم راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کی گئیں جس سے شہر میں آمد و رفت محدود ہو گئی۔

دوسری جانب تربت سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستانی فورسز نے نصیرآباد اور دیگر علاقوں میں بازار بند رکھنے کی ہدایت دی جس سے کاروباری اور تجارتی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔دی بلوچستان پوسٹ کے مطابق ٹرانسپورٹ یونین نے اعلان کیا ہے کہ کراچی سے تربت اور گوادر کے درمیان دونوں سمتوں میں چلنے والی بس سروسز 13 اگست سے 15 اگست تک سکیورٹی خدشات کے باعث معطل رہیں گی۔ ان روٹس پر قائم بس ٹرمینلز کو بھی بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔بس سروس 16 اگست سے دوبارہ شروع ہونے کی توقع ہے۔

سکیورٹی اقدامات سے ریلوے سروس بھی متاثر ہوئی ہے۔ ریلوے حکام نے بتایا کہ پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس منگل کے روز کوئٹہ جانے کے بجائے جیکب آباد میں اپنا سفر ختم کرے گی۔ اس صورتحال سے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ جانے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔دی بلوچستان پوسٹ کے مطابق حالیہ دنوں میں بلوچستان کے کئی شہروں اور اہم شاہراہوں پر سخت سکیورٹی اقدامات نافذ کیے گئے ہیں۔ مختلف مقامات پر پاکستانی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے۔کچھ علاقوں میں سڑکوں کے درمیان خندقیں کھودے جانے کی بھی اطلاعات ہیں جبکہ بازار اور دیگر تجارتی مراکز بند کر دیے گئے ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سکیورٹی خدشات کے نام پر عائد پابندیوں سے معمول کی زندگی متاثر ہو رہی ہے اور پورے خطے میں تجارتی سرگرمیوں پر بھی منفی اثر پڑ رہا ہے۔