بلوچستان۔ بلوچ لبریشن آرمی نے کی پاکستانی فورسز پر متعدد حملوں کی ذمہ داری قبول

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 29-08-2025
بلوچستان۔ بلوچ لبریشن آرمی نے کی  پاکستانی فورسز پر متعدد حملوں کی ذمہ داری قبول
بلوچستان۔ بلوچ لبریشن آرمی نے کی پاکستانی فورسز پر متعدد حملوں کی ذمہ داری قبول

 



بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے بلوچستان کے مختلف اضلاع، جن میں پنجگور، کچھی، کوئٹہ، جیوانی، خاران، بولیدہ اور دالبندین شامل ہیں، میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز پر ہونے والے ایک سلسلہ وار حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔بی ایل اے کے ترجمان جیاند بلوچ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تنظیم نے حالیہ دنوں میں آٹھ علیحدہ کارروائیاں کیں جن میں پاکستانی فوجی اہلکاروں، سپلائی قافلوں اور خفیہ ایجنٹوں کو نشانہ بنایا گیا۔ترجمان کے مطابق پنجگور کے پروم علاقے میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں فوجی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں چھ فوجی ہلاک اور گاڑی تباہ ہوگئی۔ گروپ نے ان افراد کو بھی متنبہ کیا جو فوج کو رسد اور راشن فراہم کرتے ہیں کہ وہ اپنی سرگرمیاں ترک کردیں، ورنہ انہیں "فوج کے معاون" سمجھا جائے گا۔

کچھی کے کولپور علاقے میں ایک اور ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں ریلوے ٹریک صاف کرنے والے بم ڈسپوزل اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا، جس میں ایک اہلکار موقع پر ہلاک ہوگیا۔ 28 اگست کو کولپور میں ایک اور فوجی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس سے مزید جانی و مالی نقصان ہوا۔بی ایل اے نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ کوئٹہ کے میاں غنڈی علاقے میں پولیس اہلکاروں کو روک کر ان کے ہتھیار (تین کلاشنکوف رائفلیں) قبضے میں لے لی گئیں جبکہ اہلکاروں کو تنبیہ کے بعد رہا کردیا گیا۔

جیوانی (گوادر) میں بندری فوجی کیمپ پر دستی بم حملہ کیا گیا جس میں نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا گیا۔ خاران کے گواش علاقے میں 21 اگست کو ایک شخص، جسے فوجی خفیہ ادارے کا مخبر قرار دیا گیا، کو ہلاک کرنے کی ذمہ داری بھی قبول کی گئی۔بولیدہ میں 23 اگست کو فوجی سامان لے جانے والے تین ٹرک اور ایک کرین کو آگ لگا کر تباہ کردیا گیا جبکہ دالبندین (چاغی) میں اسی روز مزید دو سپلائی گاڑیاں جلادی گئیں۔بی ایل اے کے ترجمان نے کہا کہ تنظیم تمام کارروائیوں کی مکمل ذمہ داری لیتی ہے اور ایک بار پھر واضح کیا کہ جو بھی شخص فوج کی مدد کرے گا، خواہ بطور مخبر یا رسد فراہم کرکے، اسے جائز ہدف سمجھا جائے گا۔